کوئٹہ چمن ہاؤسنگ اسکیم میں گزشتہ رات خودکش حملے میں شہید ہونے والے موٹروے پولیس آفیسر ادریس قیصرانی کی تدفین ڈیرہ غازی خان میں ان کے آبائی گاؤں میں ہوگی ۔
موٹر وے پولیس کے اسسٹنٹ پٹرولنگ آفیسر محمد ادریس قیصرانی ایف سی مددگار سینٹر کے گیٹ پر موجود تھے جب دہشت گردوں نے گیٹ سے اندر داخل ہونے کی کوشش کی، ادریس قیصرانی نے انھیں روکا تو دہشت گردوں نے خودکش حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں محمد ادریس قیصرانی شہید ہو گئے۔
شہید کا تعلق ڈیرہ غازی خان کے قصبہ شادن لونڈ سے تھا، ان کی دو معصوم بیٹیاں ہیں جن میں سے ایک نو ماہ اور دوسری دو سال کی ہے، شہید ادریس قیصرانی کے والد محمد رمضان قیصرانی ہرنائی کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیں۔
شہید ادریس قیصرانی کا جسد خاکی آج رات ان کے آبائی علاقے میں پہنچایا جائے گا جس کے بعد سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کی تدفین ہو گی، شہید کے آبائی گھر پر لوگ تعزیت کے لیے موجود ہیں۔