• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زیرزمین پانی کی گرتی سطح، راولپنڈی کے ٹیوب ویل ناکارہ ہونیکا خدشہ

راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ) راولپنڈی شہر میں زیرزمین پانی پر بڑھتے ہوئے انحصار کے باعث آئے روز پانی کی سطح مسلسل نیچے گر رہی ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگلے دو سالوں میں شہر میں لگے ساڑھے تین سو سے زائد ٹیوب ویل ناکارہ ہو جائیں گے ،دوسری طرف شہر کے بعض ایریاز میں پانی کے بحران میں اضافہ کے باعث احتجاج کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہو چکا ہے مگر راولپنڈی میں پانی جیسی بنیادی ضرورت کے مستقل حل کیلئے کسی سطح پر بھی نہیں سوچا جا رہا ہے ، زیرزمین پانی کی سطح گرنے سے موجودہ لگی ٹربائن بھی اپنا کام چھوڑتی جا رہی ہیں ، حال ہی میں مورگاہ ، کوٹھہ کلاں کے ایریاز کیلئے نصف ارب روپے کی لاگت سے پانی کی فراہمی کا منصوبہ زیادہ دیر چلتا ہوا نظر نہیں آتا کیونکہ اس منصوبے میں بھی زیرزمین پانی پر انحصار کیا گیا ہے ۔ دوسری طرف ضگلیوں ، سڑکوں اور گھروں کے صحنوں کے پختہ ہونے کی وجہ سے زمین کی ری چارجنگ بھی نہیں ہو پا رہی ہے جو بھی بارش وغیرہ کا پانی ہوتا ہے وہ نالوں میں بہہ جاتا ہے ، گزشتہ روز بھی چیئرمین واسا ضیاء اللہ شاہ نے ایم ڈی واسا راجہ شوکت محمود کے دفتر میں زیرزمین پانی کے تیزی سے نیچے جانے کے ایشو پر اپنی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر یہی صورتحال رہی ہے تو راولپنڈی میں لگے تمام ٹیوب ویل آئندہ دوسالوں میں ناکارہ ہو جائیں گے ،انہوں نے کہا کہ پانی کے معاملے کو ہمیں سنجیدگی سے لینا ہو گا اور ہمیں ٹیوب ویلوں کے متبادل ذریعہ سوچنا ہو گا۔
تازہ ترین