• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بدعنوانی کا خاتمہ ہمارا قومی فرض اور اولین ترجیح ہے، چیئرمین نیب

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کہا ہے بدعنوانی کا خاتمہ نہ صرف ہمارا قومی فرض بلکہ نیب کی اولین ترجیح بھی ہے، نیب افسران ’’احتساب سب کیلئے‘‘ پالیسی پر عمل کرتے ہوئے بلاامتیاز بدعنوانی خاتمہ کیلئے کوششیں دوگنا کریں، انہوں نے ان خیالات کا اظہارنیب ہیڈ کوارٹرز میں افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا نیب نے ملک سے بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کیلئے انسداد بدعنوانی کی مؤثر حکمت عملی وضع کی ہے، نیب نے اشتہاریوں اور مفروروں کو گرفتار کرنے کیلئے کوششیں تیز کی ہیں،نیب عوام سے دھوکہ دہی، مالی کمپنیاں، بینک فراڈ، بینک نادہندگان، اختیارات سے تجاوز، منی لانڈرنگ اور سرکاری ملازمین کی جانب سے سرکاری فنڈز میں خوردبرد کے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹاتا ہے، شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائری اور انوسٹی گیشن کا آپریشنل طریقہ کار وضع کیاگیا ہے، نیب راولپنڈی میں پہلی جدید فورنزک سائنس لیبارٹری قائم کی گئی ہے جس میں ڈیجیٹل فرانزک، سوالیہ دستاویزات اور فنگر پرنٹ کے تجزیہ کی سہولیات دستیاب ہیں، انہوں نے کہا سینئر سپروائزری افسران کی اجتماعی دانش سے فائدہ اٹھانے کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا نظام بھی وضع کیاگیا ہےجس سے نہ صرف کارکردگی میں بہتری آئی ہے بلکہ کوئی بھی فرد نیب کی تحقیقات پر اثر انداز نہیں ہو سکتا، 2017ء کی ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں کرپشن پرسپشن انڈیکس کی درجہ بندی میں پاکستان 116 ویں نمبر پر رہا ہے، بدعنوانی کیخلاف کوششوں کے باعث نیب جنوبی ایشیائی ممالک کیلئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے، یہ پاکستان کی بڑی کامیابی ہے،ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل، انڈیپنڈنٹ نیشنل اور انٹرنیشنل واچ ڈاگ جیسے اداروں کے علاوہ پلڈاٹ اور عالمی اقتصادی فورم نے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے نیب کی کوششوں کے باعث پاکستان کے کردار کی تعریف کی ہے، نیب سارک اینٹی کرپشن فورم کا پہلا چیئرمین ہے جو پاکستان کی بڑی کامیابی ہے، نیب نے بدعنوانی کے شعبہ میں تعاون کیلئے چین کیساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں، سی پیک کے تناظر میں تعاون سے پاکستان میں جاری منصوبوں میں اعتماد سازی میں اضافہ ہو گا، ملائیشیا کیساتھ اسی طرز کی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تجویز پر غور جاری ہے اور تفصیلات طے کی جا رہی ہیں۔
تازہ ترین