لاہور(خبر نگار) ہائر ایجوکیشن کمیشن نے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ فنڈ کے تحت گزشتہ پانچ سالوں کے دوران ہائر ایجوکیشن سیکٹر کے پراجیکٹس کے حوالے سے کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے وائس چانسلرز کی میٹنگ منعقد کی جس کی صدارت وفاقی وزیر برائے پلاننگ، ڈویلپمنٹ اور ریفارم احسن اقبال نے کی ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ارشد علی، ممبر آپریشن اینڈ پلاننگ ڈاکٹر غلام رضا بھٹی ، اور کم و بیش35 کے قریب وائس چانسلرز نے ذاتی طور پر یا ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اس میٹنگ میں شمولیت اختیار کی ۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے میٹنگ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ہائر ایجوکیشن کمیشن اور جامعات کے وائس چانسلر صاحبان کو اعلی تعلیم کے میدان کی بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کا مستقبل علم پر مبنی معیشت میں رکھا ہے ۔ انھوں نے جامعات کے سربراہان سے کہا کہ وہ اچھی کوالٹی کے پی سی ۔ون تیار کریں تاکہ ان کی منظوری یقینی ہو ۔ سال 2018-19کے لیے 46پراجیکٹس منظور نہیں ہو سکے ، وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اچھی مینجمنٹ ان پراجیکٹس پر عملدرآمد کروانے کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران ڈویلپمنٹ بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سال 2012میں ڈویلپمنٹ بجٹ 12ارب روپے تھا جبکہ اب یہ بجٹ 47بلین روپے تک پہنچ چکا ہے ۔ میٹنگ کے اختتام پر ڈاکٹر ارشد علی نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن حکومت پاکستان کی امیدوں پر پورا اترنے کے لیے تندہی سے خدمات سر انجام دے رہا ہے