لاہور،ساہی وال /سرگودھا(خصوصی نمائندہ، نامہ نگار)صدر مسلم لیگ ن اوروزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے سرگودھا میں دریائے جہلم پر لنگر والا پتن تا ساہیوال ہائی لیول پل کا افتتاح کیا۔ لنگروالا پتن تا ساہیوال2100فٹ طویل ہائی لیول پل کی تعمیر پر 3 ارب روپے سے زائد لاگت آئی ہے۔ہائی لیول پل ضلع سرگودھا اور ضلع خوشاب کی 27 لاکھ سے زائد آبادی کو سفری سہولت فراہم کرے گا۔ہائی لیول پل کی تعمیر سے سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور بھکر کے درمیان مسافت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ۔پل کی تعمیر سے علاقے میں معاشی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔پل کی تعمیر سے عوام کی ہسپتال، سکول، کالج اور یونیورسٹیوں تک رسائی آسان ہوگی۔ شہبازشریف نے لنگر والا پل کے افتتاح کے بعد اس کا معائنہ کیااور تعمیر کے اعلیٰ معیار کو سراہا۔انہوں نےپل کے افتتاح کے بعد سرگودھا کی تحصیل ساہیوال کے سٹیڈیم میں بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ چلچلاتی دھوپ اور روزے کے ساتھ عوام کا جم غفیر یہ گواہی دے رہاہے کہ آنے والا الیکشن پاکستان مسلم لیگ ن کاہے اور یہ الیکشن پاکستان مسلم لیگ ن ہی جیتے گی-انہوں نے کہاکہ 2013ء میں محمدنوازشریف نے قوم سے وعدہ کیا تھا بجلی کی بنا پر ہونے والے اندھیرے دور کریں گے اور اللہ تعالی کا بے پایا ں فضل و کرم ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت نے توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے پورا زور لگایا ، وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت نے بجلی کے منصوبوں میں کئی سو ار ب روپے کی سرمایہ کاری کی -سی پیک کے تحت بھی بجلی کے منصوبے لگائے گئے -پاکستان مسلم لیگ(ن) کے دور میں ملک میں 10ہزار میگا واٹ بجلی کے منصوبے لگا ئے گئے ہیں جو پورے پاکستان کو بجلی مہیا کر رہے ہیں -2010ء میں بجلی جاتی تھی توواپس نہیں آتی تھی آج مخالفین جو مرضی کہیں بجلی کے منصوبے پوری آب و تاب سے چل رہے ہیں -انہوں نے کہاکہ ملک میں جو دوبار ٹرپنگ ہوئی ہے اس کی بنیادی وجہ ٹرانسمیشن لائنز میں خرابی تھی،یہ ٹرپنگ بجلی کی کمی کی وجہ سے نہیں ہوئی -پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بے شمار کام کئے ہیں او رہمارے کام ہماری خدمت کی گواہی د یتے ہیں آج مخالفین کہتے ہیں کہ ہم وزیراعظم بن کر اگلے 100دن کا پروگرام دیں گے، نیازی صاحب آپ نے کے پی کے میں نہ ہسپتال بنایا نہ کوئی یونیورسٹی ، کے پی میں آپ نے کچھ نہیں کیا-اللہ تعالیٰ نے ہمیں عام انتخابات کے بعد موقع دیاتو ہر ضلع میں نیا ہسپتال اورنئی یونیورسٹی بنائیں گے -وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ مداری ، زرداری او رنیازی اکٹھے ہوگئے ہیں،میں کراچی اور سندھ گیا وہاں پر کراچی او رسندھ کی حالت دیکھ کر دل بہت دکھی ہوا-تب میں نے کہاکہ تھا کہ زرداری صاحب کہتے ہیں مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈیسوں جبکہ میں کہتا ہوں مرسوں مرسوں کم نہ کرسوں، نیازی صاحب نے دھرنے دئیے ، لا ک ڈائون کئے ، اور جب ڈینگی آیا تو پہاڑوں پر چلے گئے -عمران خان نے کے پی کے کا حلیہ بگاڑ دیاہے او رکہتے ہیں کہ دو نہیں ایک پاکستان بنائوں گا ، نیازی صاحب آپ سے کچھ نہیں ہوگا۔انہوں نے کہاکہ اگر ہم نے بھارت کو معاشی اور معاشرتی میدان میں شکست دیناہے تو آپ کو پاکستان مسلم لیگ(ن) کو ووٹ دینا ہوں گے ،ہم نے مودی کو پیچھے چھوڑنا ہے -نیازی او رزرادی جھوٹے ہیں ایک نے کے پی کے کا ستیا ناس کیا ہے جبکہ دوسرے نے کراچی کو کرچی کرچی کرکے رکھ دیا ہے عوام نے ان کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کردینا ہے اور پاکستان مسلم لیگ(ن)کو آ گے لیکر آنا ہے- وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ اگر عام انتخابات میں عوام نے ہمیں منتخب کیا تو میں سرگودھا میں ٹیکینکل یونیورسٹی بنائوں گا اسی طرح خوشاب میں بھی یونیورسٹی بنائیں گے -انہوں نے کہاکہ عوام دھرنا دینے والوں کا عام انتخابا ت میں دھڑن تختہ کر دیں گے -دوسری طرف زرداری صاحب واسکوٹ پہن کر کبھی لاہور آتے ہیں اور کبھی اسلام آباد اور کبھی کراچی اورآج کل وہ دبئی گئے ہوئے ہیں، زرداری نے اس دکھی قوم کے ساڑھے 6ارب روپے لوٹے ہیں او ریہ رقم سوئس بنکوں میں پڑی ہوئی ہے اور پکا رپکار کر کہہ رہی ہے کہ یہ کسی یتیم کی ہے ، یہ کسی بیوہ کی ہے -یہ کسی عام آدمی کی ہے- زرداری کے باہر پڑے اربوں روپے کے پیسوں کو واپس لانا ہوگا نیب کواگر خدمت کرنی ہے او ردعائیں لینی ہیں تو وہ زرداری کے یہ پیسے واپس لیکر آئے او راس ملک کے حوالے کئے جائیں ،زرداری کو کٹہرے میں لانا ہوگا -اگر کرپٹ آدمی کا احتساب نہیں ہوگا تو پاکستان آگے نہیں بڑے گا۔ جلسہ سے سردار شفقت حیات بلوچ ایم این اے اور صاحبزادہ غلام نظام الدین سیالوی نے بھی خطاب کیا۔ غلام نظام الدین سیالوی نے کہا کہ وہ مسلم لیگ ن میں کھڑے ہیں اور شہباز شریف کے ساتھ بغیر کسی لالچ اور عہدہ کے آئندہ بھی کھڑے رہیں گے اور مسلم لیگ ن کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے۔ سردار شفقت حیات بلوچ ایم این اے نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے میرے حلقہ انتخاب میں 60 سالہ تاریخ بدل دی ،14 ارب روپے کے ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے گئے،100 کلو میٹر سٹرکوں کی تعمیر ،سوئی گیس کی فراہمی لنگر والا پتن پل کی تعمیر اور دیگر ترقیاتی کام مسلم لیگ ن کے دورہ حکومت میں کروائے گئے ،میرا حلقہ مسلم لیگ ن کا گڑھ ہے ، پی ٹی آئی کو دو دفع ماضی میں شکست دی اور انشااللہء تیسری بار بھی آئندہ الیکشن میں پی ٹی آئی کو شکست دیں گے۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب دن اڑھائی بجے کے قریب ساہیوال پہنچے تو ہیلی پیڈ پر سردار شفقت حیات بلوچ ،نظام الدین سیالوی،کمشنر ندیم محبوب آر پی او ڈاکٹر اختر عباس،چئیرمین ضلع کونسل عاصم شیر میکن،وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور بیرسٹر محسن شاہ نواز رانجھا ، اور صوبائی وزاراء نے انکا استقبال کیا۔شہبازشریف نے ورکنگ بائونڈری پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔وزیراعلیٰ نے گزشتہ روز پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کا اچانک دورہ کیا اورمنصوبے کے دوسرے مرحلے پر ہونے والے کاموں کی پیشرفت جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ آپریشن تھیٹرز گئے جبکہ ڈائیلاسز سنٹر میں مریضوں کی عیادت کی -مریضوں نے شاندار ہسپتال بنانے پر شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا -وزیراعلیٰ نے کمیٹی روم میں اجلاس کی صدارت کی جس میں پی کے ایل آئی کے منصوبے کے دوسرے مرحلے پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیااورانہیں گردے کے مریضوں کے ٹرانسپلانٹ کیلئے ضروری امور پر پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کڈنی اینڈ لیو رٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ جنوبی ایشیا کا سٹیٹ آف دی آرٹ ادارہ ہے اوراس منصوبے کیلئے دن رات محنت کی گئی ہے۔انشاء اللہ جلد گردے کے ٹرانسپلانٹ کا بھی آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ ایک رول ماڈل بن کر ابھرا ہے۔ پنجاب حکومت نے اربوں روپے کے وسائل سے یہ شاندار ادارہ قائم کیا ہے۔ ہم سب نے ٹیم ورک کے تحت تیزی سے کام کرنا ہے ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کڈنی ٹرانسپلانٹ کیلئے ضروری امور جلد طے کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ نیب نے جو ڈنڈا اٹھایاہوا ہے اس سے لوگ خوفزدہ ہیں اور بعض تو کام کرنا ہی چھوڑ گئے ہیں-جہاں پر غلط کام ہواہے اور کرپشن ہوئی ہے نیب کو وہاں پر اپنا ضرور کردار ادا کرنا چاہیے لیکن جہاں پر اچھا کام ہوا ہے وہاں پر بھرپور ستائش بھی کرنا ہوگی،یہ ہمارا قومی فریضہ ہے -نیب ، عدلیہ، اسٹبلشمنٹ اور پارلیمان سمیت دیگر ا داروں کو بھی اچھے کام کو اچھا کہنا چاہیے -اگر اچھے کام کو اچھاکہیں گے تو پاکستان آگے بڑھے گا ،اگر اچھے کام کو اچھا نہیں کہیں گے پاکستان آگے نہیں بڑھ سکے گا ، گدھے اور گھوڑے کو ایک طرح سے ہانکنے سے پاکستان کے لئے مشکلات پیدا ہوں گی-ایک اورسوال کے جواب میں ا نہوں نے کہاکہ پاکستان میں اتنی ہمت اور سکت ہے کہ وہ ہندوستان کا ہر میدان میں مقابلہ کر سکے -دفاع کے میدان میں پاکستان نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایاہے اوروہ ہندوستان کو ناکو ں چنے چبوا سکتا ہے -ہندوستان پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا - شہباز شریف کرنل سہیل عابد شہید کی رہائش گاہ بارہ کہو کے قریب بوبڑی انگوری گئے اور شہید کرنل کے اہل خانہ سے ملاقات کی - شہباز شریف نے شہید کرنل سہیل عابد کی عظیم قربانی کو زبردست الفاظ میں خراج عقید ت پیش کیا- انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی- وزیر اعلی نے شہید کے صاحبزادے محمد احمد سالارکو دلاسا دیتے ہوئے کہاکہ آپ کے والد قومی ہیرو ہیں جنہوں نے ملک دشمن عناصر کے خلاف سینہ سپر ہو کر اپنی جاں سپرد آفریں کرکے کئی بے گناہ انسانوں کی زندگیاں بچا لیں - انہوں نے کہاکہ قوم کو اپنے ان جانباز سپوتوں پر ناز ہے اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکے گا۔وزیراعلیٰ نے بھارتی فوج کی فائرنگ سے حوالدار شاہد اور شہری محمد اسلم کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے حوالدار شاہد کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانا بزدلانہ اقدام اور قابل مذمت فعل ہے۔