اسلام آباد(مہتاب حیدر)گوادر میں فیڈر ل اسپیشل اکنامک زون کیلئے ہزاروں ایکڑ زمین کی کابینہ نے منظوری دیدی ۔سرکاری ذرائع کے مطابق اسلام آباد 50 ہزار ایکڑ زمین لینا چاہتا ہے ،تفصیلات کے مطابق دی نیوز کو معلوم ہوا ہے کہ وزیرا عظم کی زیر صدارت کابینہ نے اسٹیبلشمنٹ آف فیڈرل اسپیشل اکنامک زون (ایس ای زیڈ )کی گوادر میں منظوری دیدی اور حکام کو 10ہزار تا50ہزار ایکڑ کی رینج میں پروکیورمنٹ کیلئے نشاندہی کا کہا گیاہے ۔وفاقی حکومت نے گوادر میں1لاکھ ایکڑ میں سے زیادہ سے زیادہ زمین اسٹیبلشمنٹ آف اسپیشل اکنامک زون کے مقصد کیلئے لینے کا فیصلہ کیاہے ۔سی پیک کے تناظر میں گوادر کے ڈیولپمنٹ پلان دیکھا جائے تو یہ زمین ایک گرم معاملہ بن چکی ہے ۔سرکاری ذرائع کاکہنا ہے کہ گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو علاقے میں دستیاب زمین کی نشاندہی کا کام سونپا گیا ہے اورا س کے بعد فیڈرل اسپیشل اکنامک زون کیلئے زیادہ سے زیادہ زمین لینے کیلئے کوششیں کی جائینگی اور مزید بتایا کہ اسلام آباد 50 ہزار ایکڑ زمین لینا چاہتا ہے لیکن مختلف ماڈلز زیر غور ہیں اور اس لیے یہ تاثر نہیں جانا چاہیے کہ اسلام آباد زمین چھیننے کی کوشش کررہا ہے ۔