• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر ،اہم ترین شاہراہ پر کی جانیوالی کھدائی شہریوں کیلئے درد سر

سکھر (بیورو رپورٹ) میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی جانب سے شہر کی اہم ترین شاہراہ مینارہ روڈ پر 8ماہ قبل کی جانیوالی کھدائی شہریوں کے لئے درد سر بن گئی، شاہراہ کی کھدائی کا مقصد نکاسی آب کے نظام کی درستگی تھا مگر نکاسی آب کا نظام تو درست نہیں ہوسکا تاہم شاہراہ سکڑنے کے باعث ٹریفک جام روز کا معمول بن گیا ہے جبکہ رات کی تاریکی میں موٹر سائیکل سوار و دیگر گاڑیوں کا شاہراہ کے بالکل درمیان میں کھودے گئے گڑھوں میں گر کر زخمی ہونا بھی معمول بن چکا ہے۔ مینارہ روڈ شہر کے وسط میں واقع اہم ترین شاہراہ ہے، یہ شاہراہ سکھر و روہڑی کے درمیان چلنے والی ٹریفک کی مین گزرگاہ بھی ہے، یہی وجہ ہے کہ اس شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت دیگر شاہراہوں کے مقابلے میں زیادہ ہے کیونکہ نیوبس ٹرمینل سے روہڑی تک اس اہم شاہراہ کو استعمال کیا جاتا ہے اور صبح سے رات گئے تک یہاں ٹریفک دیگر شاہراہوں کے مقابلے میں زیادہ رہتا ہے، جبکہ اسی شاہراہ پر گرلز و بوائز کے متعدد تعلیمی ادارے بھی ہیں اور حال ہی میں خطیر رقم سے اس شاہراہ کو تعمیر کیا گیا تھا مگر میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی جانب سے مذکورہ شاہراہ پر مفلوج رہنے والے نکاسی آب کے نظام کی درستگی کیلئے 8ماہ قبل جیم خانہ کے گیٹ سے لیکر مکی مسجد تک شاہراہ کے بالکل درمیان میں کھدائی کررکھی ہے، حیرت انگیز بات یہ ہے کہ کئی ماہ گزرنے کے باوجود سڑک پر کی گئی کھدائی کا کچھ فائدہ نہیں ہوسکا ہے، میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی جانب سے نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے شاہراہ کے وسط میں کھدائی کی گئی مگر شاہراہ کی کھدائی کے باوجود مذکورہ علاقے سمیت دیگر اہم شاہراہوں و تجارتی مراکز میں نکاسی آب کا مفلوج نظام بہتر نہیں ہوسکا ہے۔

تازہ ترین