• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شیئرز کی منتقلی جلد کی جائے، اسحاق ڈار

اسلام آباد (اے پی پی / نیوز ایجنسیز) وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں شیئرز کی منتقلی کا عمل جلد کیا جائے ، جی ڈی پی کی شرح بڑھانے کیلئے بنیادی ڈھانچے کی ترقی ضروری ہے ، حکومت سکوک جیسی مارکیٹ کو فروغ دینے میں مکمل پر عزم ہے ، کیپٹل مارکیٹ کی ترقی کیلئے حکومت ایس ای سی پی سے تعاون جاری رکھے گی۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے اعلیٰ حکام کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیرنے پی ایس ایکس میں گورننس کی بہتری پر بھی زور دیا۔ وفاقی وزیر کو پی ایس ایکس کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے کہاکہ اسٹاک ایکسچینج کے ادغام کے بعد حصص کی نجکاری کا عمل تیز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ نئے اسٹاک ایکسچینج کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ اسٹاک ایکسچینج ادغام جدید طرز پر کیاگیاہے تاکہ اس کو بین الاقوامی معیار کا جدید اسٹاک ایکسچینج بنایا جا سکے ۔ ایس ای سی پی کے چیئرمین نے اصلاحات کے ایجنڈے پر بریفنگ دی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بنیادی طور پر ایک زرعی ملک ہے اور ملک میں حقیقی معیشت کے رابطوں کو مزید بہتر بنایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج قومی سطح کا نیٹ ورک ہوگا ۔وزیر خزانہ نے ایس ای سی پی کے ویژن کی حمایت کرتے ہوئے مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اسٹاک اور بالخصوص سکوک کی مارکیٹ میں تعاون کیلئے پر عزم ہے ۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر کو این بی ایف سی کانفرنس کے حوالے سے بھی بریفننگ دی گئی ۔ انہوں نے ایس ای سی پی کے معاون کردار ، مختلف اصلاحات اور سرمایہ کاروں کی تعلیم و تربیت اور آگاہی کی کاوشوں کو سراہا۔ وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ جی ڈی پی کو موجودہ 7فیصد سے بڑھانے کیلئے بنیادی ڈھانچے کی ترقی بہت ضروری ہے ، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور طویل مدتی سرمایہ کاری اہم عناصر ہیں، حکومت سکوک جیسی مارکیٹ کو فروغ دینے میں مکمل پر عزم ہے۔ دریں اثناء گزشتہ روز حکومت نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا بجٹ 105؍ ارب کر دیا ، بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والوں کے لئے سالانہ وظیفے میں آٹھ سو روپے کا اضافہ کیا گیا جس سے غریب طبقے کو یومیہ دو روپے بیس پیسے کا فائدہ ہوگا۔
تازہ ترین