راولپنڈی (ناصر چشتی، خصوصی نمائندہ) راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کی تزئین و آرائش کا کروڑوں روپے کا منصوبہ مقررہ مدت میں توسیع کے باوجود مکمل نہیں ہو سکا جبکہ انتظامیہ کی ٹھیکیدار پر مہربانیاں جاری ہیں۔ ڈیڑھ کروڑ روپے کی لاگت سے شروع ہونے والا کام دسمبر 2017میں مکمل ہونا تھا جو مکمل نہ ہونے پر اس میں 3ماہ کی توسیع کر دی گئی مگر یہ گزشتہ روز تک بھی مکمل نہ ہو سکا۔ اب اس میں ٹائلوں اور بجلی کی تاروں کی تبدیلی کے بعد اسکا نظرثانی شدہ تخمینہ بھی دیا جائے گا ،جس کا فیصلہ کمیٹی رے گی۔ ذرائع کے مطابق منصوبے پر ٹھیکیدارنے یونیورسٹی کے ملازمین سے بھی کام لیاجبکہ انچارج انجینئر بھی مبینہ طور پر رعایت پر رعایت دے رہا ہے۔ جب اس سلسلے میں متعلقہ انجینئراکرم ستی سے پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا کہ کام میں تبدیلی کی وجہ سے لاگت بڑھ جائے گی جس کا تخمینہ دوبارہ دیا جائے گا۔ ٹھیکیدارعمرے پر چلا گیا ہے جبکہ اس سے قبل انہوں نے کام میں تاخیر کی وجہ ایک مستری کے عزیز کا انتقال بتائی تھی ۔ یاد رہے کہ اینٹی کرپشن پہلے ہی یونیورسٹی میں واک تھرو گیٹ اور دیوار کی تعمیر میں کرپشن کی تحقیقات کر رہی ہے۔