کراچی (اسٹاف رپورٹر) ہالینڈ میں ہونے والی چیمپئنزٹرافی ہاکی ٹور نامنٹ کے لئے قومی ہاکی ٹیم کے حتمی ٹرائلز بدھ کو شام ساڑھے چار بجے ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں ہوں گے۔ سلیکٹرز اصلاح الدین کی سر براہی میں کھلاڑیوں کی کار کردگی کا جائزہ لیں گے۔ٹیم کے ہیڈ کوچ رولینٹ اولٹیمنز منگل کو ہالینڈسے واپس پہنچ گئے اور انہوں نے اپنی ذمے داری سنبھال لی،کپتان رضوان سینئرنے بھی منگل کو کیمپ میں رپورٹ کردی ۔ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے نئے فزیکل ٹرینر ڈینیل ہیری نے اپنی ذمے داریاں سنبھال لی ہیں۔ ڈینیل بیری کی نگرانی میں کھلاڑیوں کے مختلف فزیکل سیشن ہوئے جن میں اسپیڈ ٹیسٹ لیا گیا اور کھلاڑیوں سے مختلف مشقیں کرائی گئیں۔ ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کا فٹنس لیول بہت کم ہے، چیمپئنزٹرافی جیسے اہم ایونٹ میں اس معیار سے اچھے نتائج نہیں مل سکتے ہیں، فٹنس لیول کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ اس سے قبل ڈینئل ہیری نے ایبٹ آباد میں پاکستان ہاکی ٹیم کی فٹنس پر کام کیا تھا۔ ڈینئل ہیری نے کہاکہ یویو ٹیسٹ میں کھلاڑیوں کا فٹنس لیول 20 پلس ہے جب کہ دیگر ٹیموں کے کھلاڑیوں کا لیول 29 تک ہے۔ جدید ہاکی میں کھلاڑیوں کی سو فیصد فٹنس کا ہونا بہت ضروری ہے۔ پاکستانی کھلاڑیوں کا اصل مسئلہ فٹنس ہے، جب تک کھلاڑی مکمل فٹ نہیں ہوگا وہ بہتر نتائج نہیں دے سکتا ۔