سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کہتے ہیں کہ عمران خان ثابت کرچکے ہیں کہ وہ ملک کی قیادت کے اہل نہیں ہیں۔
سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ نگران وزیراعلیٰ کے انتخاب پر ان کا کرادار واضح ہے، نگران وزیراعلیٰ سے متعلق ان کے یوٹرن ان کی ناہلی اور اناڑی پن کا ثبوت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگلا الیکشن نعروں کا نہیں کارکردگی اور تسلسل کا ہوگا، اگر کوئی اناڑی آگیا تو ترقی کے عمل کو رول بیک کردے گا۔
احسن اقبال کا کہنا ہے کہ میری ریحام خان سے کبھی ملاقات نہیں ہوئی،یہ معاملہ سابق میاں بیوی کا ہے، ہمیں زبردستی شامل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی نااہلی، اناڑی پن اور ناقص کارکردگی دکھانے کیلئے کسی کتاب کی ضرورت نہیں، انہوں نے گزشتہ تین دنوں میں جو کیا وہ ان کے اناڑی پن کےلیے کافی ہے ۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ عمران خان نے مجھ سے پوچھ کر شادی نہیں کی تھی، ہم ہر غیر ضروری بات پر نوٹس نہیں بھیج سکتے، پانچ سال میں جو خیبرپختونخوا میں انہوں نے کیا سب کے سامنے ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ ملک میں اس وقت تین بڑی سیاسی جماعتیں ہیں،عوام کو چاہیے کہ کراچی، پشاور اور لاہور کا دورہ کریں،صاف پتہ چل جائے گا کہ کس نے کتنی ترقی کی ہے ، پشاور کو کھنڈرات کا شہر بنا دیا گیا ہے۔
احسن اقبال نے دعویٰ کیا کہ اگلے الیکشن میں سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بھی ن لیگ جیتے گی،کوئی اناڑی حکومت ہی ملک کو ترقی کے راستے سے واپس لا سکتی ہے ،سی پیک کی بنیاد پر عمارت کھڑی کرنے کی ضرورت ہے ۔