• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
مکہ ، آخری عشرے کے دوران سیکورٹی انتظامات مزید سخت

سعودی عرب نےمکہ مکرمہ میں رمضان کے آخری عشرے کے لیے سیکورٹی کے مزید سخت اور موثر انتظامات کیے ہیں اور مسجد الحرام اور اس کی جانب جانے والے تمام راستوں کی فضائی سیکورٹی اور نگرانی بڑھا دی ہے۔سیکورٹی فورسز کے ہیلی کاپٹر مسلسل فضا میں گشت کررہے ہیں۔

ایوی ایشن سیکورٹی کے جنرل کمانڈر بریگیڈیئر جنرل حسن آل بسام نے بتایا ہے کہ رمضان کے لیے سیکورٹی کے طے شدہ منصوبے پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔مسجد الحرام میں آنے والے تمام زائرین پر نظر رکھی جارہی ہے۔

انھوں نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رمضان کے آخری عشرے کے دوران زائرین کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر سیکورٹی انتظامات بھی زیادہ موثر بنائے جارہے ہیں۔

مکہ مکرمہ کی فضائی حدود میں ہیلی کاپٹروں کے ذریعے نگرانی بڑھا دی گئی ہے اور شہر کے مرکزی حصے اور اس کی جانب جانے والی شاہراہوں کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے۔

بریگیڈیئر جنرل حسن نے بتایا کہ مکہ کی فضاؤں میں پرواز کرنے والے طیاروں اور ہیلی کاپٹرز میں نگرانی کے جدید آلات نصب ہیں۔وہ سیکورٹی تنصیبات اور ٹریفک پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

وہ سیکورٹی مشنز کے علاوہ مختلف انسانی امدادی کام بھی کررہے ہیں اور وہ تمام سرکاری اداروں کو لاجسٹیکل امداد مہیا کررہے ہیں۔وہ کسی ہنگامی صورت میں امدادی سرگرمیاں انجام دیتے ہیں اور انھیں وقتِ ضرورت فضائی ایمبولینس کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

تازہ ترین