کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے ممبر قومی اسمبلی شازیہ مری کی ڈگری کیخلاف دائردرخواست پر 2002ء میں شازیہ مری کے کاغذات نامزدگی کی مزید تصدیق کا حکم دے دیاہے۔ سندھ ہائی کورٹ کی دو رکنی بینچ نے ایم این اے شازیہ مری کیخلاف جعلی ڈگری کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران درخواست گزار عطا محمد چانڈیو کے وکیل نے اپنے دلائل میں عدالت کو آگاہ کیا کہ شازیہ مری کے کاغذات نامزدگی اور دیگر دستاویزات میں نام میں فرق ہے شازیہ مری کا پرانے شناختی کارڈ اور نئے شناختی کارڈ کا نمبر بھی مختلف ہے۔ شازیہ مری نے شازیہ نامی لڑکی کی ڈگری جعل سازی سے نکلوائی اس دوران شازیہ مری کے وکیل نے اپنے دلائل میں عدالت کو بتایا کہ شازیہ مری نے اسی ڈگری پر پانچ بار انتخابات میں حصہ لیا جبکہ درخواست گزار کی جانب سے پیش کیا گیا میٹرک کا سرٹیفکیٹ بھی شازیہ مری کا نہیں ہے۔ پیش کیے گئے کاغذات نامزدگی بھی جعلی ہیں۔ عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد شازیہ مری کے 2002ء میں نامزدگی کے لیے جمع ہونے والے کاغذات کی مزید تصدیق کا حکم دے دیا۔