لاہور (نمائندہ جنگ) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ نگران سیٹ اپ انتخابات پر اثرانداز نہیں ہو گا، حسن عسکری درویش آدمی ہیں، انہوں نے اپنے کالمز میں پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف پر بھی تنقید کی مگر لگتا ہے کہ (ن) لیگ نے انتخابات سے پہلے ہی ہار مان لی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سروسز ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اعتزاز احسن نے اسد کھرل سے حملے کی تفصیلات معلوم کیں اور ان سے اظہار یکجہتی کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی پی پی آزادی صحافت کی علمبردار ہے، ہر فورم پر صحافیوں پر ہونے والے تشدد کے خلاف آواز بلند کرے گی۔نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے حوالے سے سوال کے جواب میں اعتزاز احسن نے کہا کہ حسن عسکری درویش صفت آدمی ہیں، انہوں نے ہمیشہ غیرجانبدارانہ پوزیشن لی لیکن لگتا ہے کہ (ن) لیگ نے انتخابات سے پہلے ہی ہار مان لی ہے اور بوکھلا کر حسن عسکری کو متنازع بنا رہی ہے تاکہ بعد میں کہا جا سکے کہ ان کی وجہ سے ہارے۔ انہوں نے کہا کہ نگران سیٹ اپ انتخابات پر اثرانداز نہیں ہو گا۔