جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے میں مناتو سٹی اور سفارتخانہ پاکستان کے تعاون سے پاکستان کے مختلف شہروں اور قومی ثقافت کے حوالے سے تصاویری نمائش کا آغاز ہوا، نمائش کا افتتاح سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان اور مناتو سٹی کے میئر ماساکی تاکائی نے مشترکہ طور پر کیا، اس موقعے پر سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا کہ پاکستان ایک خوش قسمت ملک ہے جسے قدرت نے چاروں موسم عطا کیے جبکہ خوبصورت پہاڑ، دریا اور سمندر کے ساتھ ساتھ تاریخی شہر بھی پاکستان کے حصے میں آئے، جس میں ہزاروں سال قدیم ثقافت جس میں موہن جو دڑو اور ،ہڑپہ اور گندھارا جیسی تاریخی آثار قدیمہ بھی پاکستان میں ہی دریافت ہوئے ۔
اس موقعے پر سفیر پاکستان نے پاکستان اور جاپان کی لازوال دوستی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی اور جاپانی عوام ایک تاریخی دوستی کے رشتے سے جڑے ہوئے ہیں اور ہر مشکل وقت میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔سفیر پاکستان نے کہا کہ جاپان کے سیاحوں کے لیے پاکستان انتہائی پرکشش ملک ہے جہاں خوبصورت پہاڑاور تاریخی شہر جاپانی سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز ہیں۔ سفیر پاکستان نے پاکستان کی بہتر ہوتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کا بھی حوالہ دی کہ پاکستان میں دنیا بھر سے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا جارہا ہے جس میں جاپانی سیاح بھی اب بڑی تعداد میں پاکستان کا رخ کررہے ہیں۔مناتو سٹی کے میئر ماساکی تاکائی نے اس خوبصورت نمائش کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ اس نمائش میں بڑی تعدا د میں جاپانی شہری شریک ہوں گے اور پاکستان کے حوالے سے تصاویر کے ذریعے خوبصورت معلومات اور آگاہی حاصل کرسکیں گے جبکہ اس طرح کی تقریبات سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔