• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تہواروں پر ریلیز ہونے والی فلمیں

بالی وڈ کے حکم ران، تین خان ہیں!! ان کی یہ حکم رانی کوئی ایک دو برس کی کہانی نہیں، بلکہ 30سال کی داستان ہے۔ تین حکم رانوں کی طرح بالی وڈ میں سال کے تین دن اور تین تہوار، عید،دیوالی اور کرسمس پر ریلیز ہونے والی فلموں کا بزنس پورے سال پر بھاری رہتا ہے۔ دل چسپ بات یہ ہے ان تینوں تہواروں پر ان ہی تینوں خان کاکنٹرول ہے۔ زیادہ ترکرسمس پر عامر خان ، دیوالی پر شاہ رخ خان اور عیدپر سلمان خان کی فلمیں ریلیز ہوتی ہیں۔ دس سال پہلے تک فلم کے بزنس کے لحاظ سے دیوالی کا تہوار کرسمس اور عید سے بہت آگے تھا ۔ شاہ رخ خان کی بڑے بجٹ کی فلمیں بھی دیوالی پر ہی ریلیز ہوتی تھیں، لیکن بعد میں عید اورکرسمس نے اسی طرح دیوالی کو پیچھے چھوڑدیا، جیسے سلمان اور عامر کنگ خان سے آگے نکل گئے۔کرسمس ویک پر ایک فلموں کو بچوں کی چھٹیاں بھی ملتی ہیں اور بڑوں کو 25دسمبر کو کرسمس اور پہلی جنوری کو نیو ایئر کی۔ اس لیے کرسمس ویک کبھی عید سے اور کبھی عید دوسری چھٹیوں کے ساتھ مل کر کرسمس سے باکس آفس پر آگے نکل جاتا ہے ۔عید کی سویاں دیوالی کی پھلجڑیاں اور کرسمس کیک ہر سال بالی وڈ میں کتنی خوشیاں اور پیسہ بانٹے ہیں۔ آئیے اس سال سمیت پچھلے کچھ برسوں کے دل چسپ حقائق ہم آپ کو بتاتے ہیں۔

2018۔ اس سال سلمان خان عید پر ’’ریس تھری‘‘ سے دوڑ لگائیں گے۔عامر خان ’’ٹھگس آف ہندوستان‘‘ سے دیوالی پر پٹاخے پھوڑنے آئیں گے اور شاہ رخ خان کرسمس پر ’’زیرو‘‘ سے ہیرو بنیں گے۔ تینوں فلموں سے کم سے کم صرف بالی وڈ کے دیس میں200کروڑ کی کمائی متوقع ہیں۔ سلمان کے ساتھ انیل کپور،بوبی اور جیکولین ہیں تو، عامر خان پہلی بار امیتابھ بچن کے ساتھ نظر آئیں گے، ساتھ میں کترینا کیف بھی جلوے دکھائیں گی۔ کترینا، شاہ رخ کے ساتھ فلم ’’زیرو‘‘ میں بھی مرکزی کردار ادا کریں گی۔ اس فلم میں انوشکا بھی ہوں گی اور ساتھ میں فلم انڈسٹری کی ایک لمبی فہرست مہمان اداکار اور اداکارہ کی کرسمس ٹری سجے گی۔ سلمان خان کے کپتان یعنی ڈائریکٹر اے بی سی ڈی والے ریمو فرنانڈس ہیں، عامر خان کے دُھوم تھری والے وجے کرشنا اچاریہ اور شاہ رخ خان کے تنو ویڈز منو والے آنند ایل رائے۔ عام طور پر عامر خان کرسمس اور شاہ رخ خان دیوالی کو ترجیح دیتے ہیں، لیکن اس سال دونوں نے اپنی جگہ چھوڑ کر دوسرے کی جگہ لے لی۔ تینوں فلمیں خان ہیروز کی ہیں، تو تینوں کا بجٹ یقینا زیادہ ہی ہوگا ،لیکن عامر خان کی ٹھگس آف ہندوستان ،بالی وڈ کی تاریخ کی سب سے مہنگی فلم ہے۔ اس فلم سے مہنگی فلمیں تیلگو باہو بلی اور تامل روبوٹ ٹو ہیں، لیکن دونوں فلموں کا تعلق جنوبی بھارت کی فلم انڈسٹری سے ہے۔

2017۔یہ سال کچھ عجیب تھا، کچھ ہٹ کر تھا، کیوں کہ اس سال عامر کی سیکرٹ سپر اسٹار، ایورج اور شاہ رخ خان کی جب ہیری میٹ سیجل اور سلمان خان کی ٹیوب لائٹ فلاپ ہوئیں۔ سلمان خان نے بعد میں ٹائیگر زندہ ہے اور سیکرٹ سپر اسٹار نے چین سے کمائی کر کے ساری کسر نکال لی ۔اس سال عید پر سلمان خان کی کبیر خان کے ساتھ ٹیوب لائٹ ریلیز ہوئی، لیکن فلم باکس آفس پر فیوز ہوگئی۔اس فلم نے اپنے دیس میں سو کروڑ اور دنیا بھر میں دو سو کروڑ سے کچھ اوپر بزنس کیا۔ دیوالی پر ریلیز ہونے والی عامر خان کی چھوٹے بجٹ کی سیکرٹ سپر اسٹار نے اپنے ملک میں تو صرف70کروڑ کا بزنس کیا، لیکن چین کی وجہ سے اس فلم کی کمائی950کروڑ ہوگئی۔ دیوالی پر گول مال فور نے سیکرٹ سپر اسٹار کو اپنے گھر میں پچھاڑا اور اجے دیوگن کی پہلی 200کروڑ کی فلم ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔گول مال بالی وڈ کی کام یاب ترین سیریز ہے، جس کی چاروں فلمیں سپر ہٹ ہوئیں۔گول مال نے دنیا بھر میں تین سو کروڑ سے زائد کا بزنس کیا تھا۔اس سال کرسمس پر عامر خان اور شاہ رخ خان دونوں نے چھٹیاں منائی اور سلمان خان نے موقع پا کر جم کر کی کمائی۔اس سال عید اور کرسمس دونوں تہواروں میں سلمان خان کی فلمیں ریلیز ہوئیں۔ کرسمس پر ٹائیگر زندہ ہے نے 300کروڑ سے زیادہ کا بزنس کیا ۔یہ سلمان خان کی بجرنگی بھائی جان اور سلطان کے بعد تیسری فلم تھی، جس نے تین سوکروڑ کا چھکا لگایا۔ بجرنگی بھائی جان اور سلطان، سلمان کا عید کا تحفہ تھیں، لیکن ٹائیگر سلمان کی پہلی کرسمس ٹرپل سینچری فلم بنی۔ٹائیگر نے دنیا بھر سے500کروڑ اپنے بینک اکاؤنٹ میں سمیٹے ۔

2016۔اس سال عید پر سلمان، سلطان بنے ،عامر نے کرسمس پر دنگل مچایا، لیکن دیوالی پر شاہ رخ خان کا دل مشکل میں ہی رہا۔اس سال بھی کرسمس کا تہواروں پر راج رہا، کیوں کہ با لی وڈ کی تاریخ کی سب سے کام یاب فلم ’’دنگل‘‘ جس نے اپنے دیس میں400کروڑ سے کچھ کم کا کا بزنس کیا۔ یہ ریکارڈ بعد میں باہو بلی نے ہزار کروڑ کما کر توڑا۔ دنگل اب بھی دنیا بھر میں سب سے کام یاب بھارتی فلم ہے، جس نے چین کی وجہ سے دو ہزار کروڑ سے زیادہ کا بزنس کیا۔ پاکستانی روپوں میں یہ بزنس 30ارب سے بھی زیادہ ہے ۔دنگل میں عامر خان کا داؤ چلا، اِسی طرح عید پر پہلوان بن کر ہی سلمان خان باکس آفس کے سلطان بن چکے تھے۔ سلطان نے اپنے دیس میں تین سو کروڑ سے زیادہ اور دنیا بھر میں پانچ سو کروڑ سے زائد کمائی کی۔اس سال عید پر رئیس کو بھی ریلیز ہونا تھا، لیکن فلم فین کی ناکامی کے بعد اور پاکستانی سپر اسٹار ماہرہ خان کی موجودگی کی وجہ سے رئیس 2017کے شروع میں ریلیز ہوئی۔ دیوالی پر شاہ رخ خان نے انٹری دی، لیکن مہمان اداکار کے طور پر فلم اے دل ہے مشکل میں۔ فلم کی مرکزی کاسٹ میں رنبیر کپور، انوشکا شرما، ایشواریا رائے اور فواد خان شامل تھے۔ رئیس کی طرح اس فلم کو بھی انتہا پسندوں نے نشانہ بنایا ۔ انتہائی طاقت ور سمجھے جانے والے کرن جوہر کمزور نکلے، انھوں نے انتہا پسندوں کے سامنے جھک کر اور فواد کے رول اور کہانی کو آگے یچھے کر کے فلم کو دیوالی پرریلیز کردیا۔ فلم نے اجے دیوگن کی شیوائے کا بھی مقابلہ کیا، لیکن دونوں فلموں صرف سو سو کروڑ سے کچھ اوپر ہی کماسکی۔ اے دل ہے مشکل میں اگر ایشواریا رائے کابے باک اسٹائل اور سپر ہٹ گانے نہیں ہوتے تو شاید یہ فلم شیوائے سے بھی کم بزنس کرتی ۔ بہرحال اے دل ہے مشکل ناکام نہیں ہوئی ، ورنہ یہ فلم رنبیر کی بے شرم،بمبئے ویلوٹ،رائے اور تماشا کے بعد مسلسل پانچویں بڑی فلاپ فلم بنتی۔

2015۔ اس سال عامر خان نے پھر پورے سال چھٹی منائی،ان کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھا کر کرسمس پر رنویر سنگھ اور دپیکا کی باجی راؤ مستانی کا مقابلہ شاہ رخ خان اور کاجول کی دل والے سے ہوا۔ مقابلہ صرف بڑے اسٹارز کا ہی نہیں بلکہ بڑے ڈائریکٹرز کا بھی تھا۔ ایک فلم کے کپتان سنجے لیلیٰ بھنسالی دوسری کے روہت شیٹی تھے۔دونوں فلموں کی ابتدائی ریس میں دل والے آگے رہی، لیکن بعد میں باجی راؤ مستانی کا بزنس دل والے سے زیادہ ہوگیا۔ دونوں فلموں کا بجٹ بھی 150کے آس پاس تھا۔ شاہ رخ خان جو اپنے ساتھ آنے والی فلموں پر ہمیشہ بھاری پڑتے تھے، اس بار مقابلہ ہار گئے، جو کام اکشے، اجے،سلمان اور عامر خان نہیں کرسکے تھے، وہ کام رنویر نے کردکھایا اور شاہ رخ خان کی فلم کو ہرایا۔ باجی راؤ مستانی نے اپنے دیس میں184کروڑ دوسری طرف دل والے نے 148کروڑ کی کمائی کی تھی۔ شاہ رخ خان نے عامر کی غیرحاضری کی وجہ سے کرسمس پر کنٹرول کیا، تو سلمان خان نے عید کے ساتھ دیوالی پر بھی حق جمالیا۔سلمان خان کی اپنے پرانے ڈائریکٹر سورج برجاتیہ کے ساتھ چوتھی فلم ’’پریم رتن دھن پایو ‘‘ ریلیز ہوئی۔ پریم رتن دھن پایو اس وقت تک کی سب سے مہنگی ترین فلم بھی تھی، کیوں کہ اس پر 200کروڑ کی لاگت آئی تھی۔اس فلم میں سونم کپور اور نیل نتن مکیش بھی تھے اور سلمان کا ڈبل رول۔فلم نے دنیا بھر سے 400کروڑ سے اوپر کمائی کی۔سورج برجاتیہ اس سے پہلے سلمان خان کے ساتھ میں نے پیار کیا،ہم آپ کے ہیں کون اور ہم ساتھ ساتھ ہیں، جیسی میگا ہٹ فلمیں بناچکے تھے۔یہ فلم اُن فلموں سے آگے تونکل نہیں پائی، لیکن بہر حال اس فلم نے دیوالی کی چھٹیوں کی وجہ سے اچھی خاصی کمائی ضرور کرلی۔ اس سال عید پر سلمان خان کی اب تک کی سب سے کام یاب فلم ’’بجرنگی بھائی جان‘‘ ریلیز ہوئی۔ سلمان خان اس عید پر ’’بجرنگی بھائی جان‘‘ بنے اور فلم میں پاکستان کا چکر بھی لگایا۔ فلم میں سلمان نے دوسروں کو مارا پیٹا نہیں، بلکہ سب سے مار کھائی،ہاتھ جوڑ جوڑ کر اور ’’مُنی‘‘ کو پاکستان چھوڑ کر اپنے وطن میں پورے 300کروڑ کی عیدی کمائی۔اس فلم میں کرینا کپور، ہیروئن تھیں، لیکن چائلڈ اسٹار منی اور نواز الدین صدیقی کے کردار زیادہ پسند کیے گئے۔ بجرنگی بھائی جان 2018میں چین میں بھی ریلیز ہوئی،اس طرح اس فلم نے اب تک دنیا بھر میں تقریبا1000کروڑ بزنس کرلیا ہے۔

2014۔ یہ سال عامر خان کے نام رہا، اس سال انھوں نے فلم ’’پی کے‘‘ میں دوسرے گولے سے آکر کرسمس ویک پر سب کے دل جیت لیے۔پی کے، عامر خان کی راجکمار ہیرانی کے ساتھ دوسری فلم تھی۔دونوں اس سے پہلے تھری ایڈیٹس میں بھی ایک ساتھ کام کرچکے تھے۔ پی کے، نے اتنے پیسے کمائے کہ اس فلم نے دنگل کی ریلیز تک بالی وڈ کی سب سے کام یاب فلم کا ریکارڈ اپنے پاس رکھا۔ پی کے، بالی وڈ کی پہلی تین سو کروڑ کمانے والی فلم بھی تھی۔ دیوالی پر شاہ رخ خان کی ہیپی نیو ایئر ریلیز ہوئی۔ یہ شاہ رخ خان کی آخر ی بڑی اور کلین سپر ہٹ مووی ہے۔ اس فلم نے دیوالی پر200کروڑ سے اوپر کی کمائی کی۔ہیپی نیو ایئر، میں شاہ رخ خان کے ساتھ دپیکا،بمن ایرانی،ابھیشک اور سونو سود بھی تھے۔ اس فلم کی ہدایت کار شاہ رخ کی پکی دوست فرح خان تھی۔ فرح خان اس سے پہلے شاہ رخ کے ساتھ، میں ہوں نا اور اوم شانتی اوم، جیسی سپر ہٹ اور اکشے کمار کے ساتھ تیس مار خان جیسی ناکام فلم بھی بناچکی تھیں۔

عید پر ایک بار پھر سلمان خان نے ’’کِک‘‘ لگائی اور دوسو کروڑ کی کمائی کی ۔یہ فلم سلمان کے پروڈیوسردوست ساجد نڈیاڈ والا نے ڈائریکٹ بھی کی ۔ یہ تو تھی بالی وڈمیں کرسمس، عید اور دیوالی کے پچھلے پانچ سال کی داستان۔ اس کے علاوہ 2013کی کرسمس پر عامر خان نے ’’دھوم تھری‘‘ سے دُھوم مچائی اور باکس آفس پر سارے ریکارڈ توڑ ڈالے۔ دیوالی پر شاہ رخ خان نے چھٹی کی تو اس دیوالی پر ریتھک روشن کی کرش تھری آگئی، یہ سپر ہیرو فلم بھی سپر ہٹ ہوئی۔ عید کے سلطان سلمان خان اس سال بیماری کی وجہ سے عید نہیں مناسکے، تو شاہ رخ خان اور اکشے کمار نے موقع سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی۔ شاہ رخ خان کی چنئی ایکسپریس تو سپر ڈوپر ہٹ ہوئی، لیکن اکشے کمار کی ونس اپاؤن اے ٹائم ان بمبئی، بُری طرح ناکام ہوئی۔ دپیکا اور شاہ رخ خان کی فلم چنئی ایکسپریس اتنے سال گزرنے کے باوجودبھی شاہ رخ خان کے کیریئر کی کام یاب ترین فلم ہے ۔ 2012کی کرسمس ویک سلمان خان کی دبنگ ٹو کو ملا!! اس فلم کے ڈائریکٹر ارباز خان تھے،فلم نے ڈیڑھ سو کروڑ تک کی کمائی کی۔2011 کی کرسمس پر ڈان ٹو آیا اور 2010کی کرسمس ناکام تیس مار خان کی قسمت میں آئی۔2009 میں مشہور زمانہ تھری ایڈٹس نے کرسمس پر انٹری دی اور بالی وڈ کی تاریخ کی پہلی فلم بنی، جس نے دوسو کروڑ کا بزنس کیا۔2008کی کرسمس بھی عامر خان کے نام ہی رہی، جب گھجنی نے بالی وڈ کی پہلی سو کروڑ فلم ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔

ان تمام برسوں میں سلمان خان کی فلموں نے ہر عید پر جم کر کمائی کی ۔2009میں وانٹیڈ،2010میں دبنگ،2011میں باڈی گارڈاور 2012میں ایک تھا ٹائیگر نے باکس آفس سے کروڑوں کی عیدی سمیٹی۔ ان تمام برسوں میں عامر خان کی کرسمس اور سلمان خان کی عید پر حکم رانی تو صاف نظر آتی ہے، لیکن 2012کی دیوالی پر شاہ رخ خان کی یش چوپڑا ڈائیریکٹڈ فلم کو چیلنج کیا۔ اجے اور سنجے کی فلم سن آف سردار نے باکس آفس پر ٹکر کا دونوں بڑی فلموں کو نقصان ہوا اور دونوں فلمیں سو سو کروڑ کے آس پاس ہی بزنس کرسکی۔2011

میں شاہ رخ خان کی مہنگی ترین سائنس فکشن فلم را ون ریلیز ہوئی اور کام یاب رہی۔2010میں شاہ رخ دیوالی پر غیر حاضر ہوئے تو اجے دیوگن کی گول مال تھری نے اکشے کمار کی ایکشن ری پلے کو چاروں خانے چت کیا۔2009میں اجے دیوگن کی آل دی بیسٹ اکشے کمار کی بلیو اور سلمان خان کی مسٹر اینڈ مسز کھنہ ریلیز ہوئی۔ ان میں سے آل دی بیسٹ سپر ہٹ ،بلیو ناکام اور مسٹر اینڈ مسز کھنہ بُری طرح فلاپ ہوئی۔ مسٹر اینڈ مسز کھنہ ہی وہ فلم ہے، جس پر سلمان اور شاہ رخ خان کا کترینا کی سالگرہ پر جھگڑا ہوا تھا۔ دونوں کی کئی برس بات چیت بند رہی، لیکن بعد میں ایک بار پھر پکی دوستی ہوگئی۔ کئی سال ہوگئے بالی وڈ کے تینوں حکم ران خان سے ان کی محنت اور کام یابی کی وجہ سے نہ تو کوئی نمبر ون کا تاج چھین سکا،اور نہ ہی عید،دیوالی اور کرسمس کا تہوار۔

تازہ ترین
تازہ ترین