• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
انجینئرنگ کی اقسام

ہمارے ایک دور کے رشتہ دار سعودی عرب سے تشریف لائے ، باتوں باتوں میں ان کے پیشے کے بارے میں پوچھا تو انہوںنے بتایا کہ وہ آپٹیکل انجینئر ہیں۔ ہم بہت متاثر ہوئے اور اس قسم کی انجینئرنگ کے بار ے میں نابلد ہونے کے ناطے مزید کچھ نہ پوچھ سکے۔ بعد میں ہم نے ان کے بارے میں پتہ چلایا تو معلوم ہو ا کہ وہ سعودی عرب میں عینکوں کی دکان پر عینک کی ڈنڈیا ں ٹھیک کرتے ہیں۔ عربوں کے دیس میں تو سبھی انجینئر ہیں وہاںتور اج مستری کو بھی انجینئر ہی کہا جاتاہے۔

انجینئر نگ کی بات کی جائے تو یہ ایک درخت کی طرح ہے جس کی کئی شاخیں اور ان شاخوں کی بھی کئی شاخیںہیں۔ ہمارے ملک میںدرج ذیل انجینئرنگ کی اقسام میں زیادہ رجحان پایا جاتاہے۔

الیکٹریکل انجینئرنگ

الیکٹریکل انجنیئرنگ بجلی کی پیدوار، ترسیل، تقسیم، کنٹرول اور بجلی کے استعمال کا علم ہے۔ برقی قوت کو بالعموم میکانکی قوت، حرارت، آواز، روشنی یا کیمیائی قوت میں کسی موٹر، برقی مقناطیس، بھٹی، لاؤڈ اسپیکر، لیمپ یا الیکٹرولائی ٹک کے ذریعے تبدیل کیا جاسکتا ہے۔کسی ذریعے کو استعمال کرتے ہوئے برقی قوت کی میکانکی قوت میں تبدیل ہونے کی اس صلاحیت کی وجہ سے الیکٹریکل انجینئرنگ نے موجودہ دور میں سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی میں نہایت اہم کردار ادا کیا ہے۔

الیکٹریکل انجینئرنگ کا آغاز جنریٹروں کے ذریعے برقی قوت پیدا کرنے کے کام سے ہوتا ہے۔ تیل، گیس، کوئلہ یا جوہری توانائی سے کام کرنے والے جنریٹروں یا دریاؤں پر بند باندھ کر بہتے پانی کی قوت استعمال کرکے بجلی پیدا کی جاتی ہے پھر اس بجلی کو صنعتی اور گھریلو استعمال کے لیے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں تک پہنچایا جاتا ہے اور اس کام کے دوران ترسیل و تقسیم کے مختلف آلات نصب کیےجاتے ہیں۔ بجلی گھر میں برقی قوت کی پیدوار، شہروں تک اس کی ترسیل، آبادیوں میں صنعتی اور گھریلو مقاصد کے لیے اس کی تقسیم اور بجلی کے آلات کی تنصیب کے ان تمام کاموں کی نگرانی الیکٹریکل انجینئرز کی ذمہ داری ہے۔

میکینیکل انجینئر نگ

میکینیکل انجینئرنگ مشینوں اور توانائی کی پیداوار پر بحث کرتی ہے۔ یہ خاص طور پر قوانینِ حرکت اور قوت سے متعلق ہے۔ کسی بھی میکینکل انجینئر کے بنیادی طور پر چار کام ہوتے ہیں۔ اوّل ، میکینیکل سائنس یا میکانیات کی مبادیات کی سمجھ اور شعور حاصل کرنا، جس میں حرکیات کا مضمون شامل ہے۔ قوتوں اور حرکت کے باہمی تعلق کا علم حرکیات کہلاتا ہے۔ 

اس میں خود کار کنٹرول، ارتعاش یا وائبریشن، حرکیات (تھرموڈائنامکس) مائعات کا بہاؤ، انتقال حرارت لبریکیشن اور مادوںکی خصوصیات شامل ہیں۔ دوم، میکانی انجینئرکو میکانیات میں تحقیق، ڈیزائن اور تشکیل کا علم حاصل کرنا ہوتا ہے۔ اس شعبے میں میکانیات کا صحیح اور واضح شعور حاصل ہونا بے حد ضروری ہے کیوںکہ یہ مضمون میکانیات کی موجودہ شکل، ترقی اور آئندہ ضرورتوں سے بحث کرتا ہے۔ سوم، اشیاء اور توانائی کی پیداوار کا علم حاصل کرنا اس میں منصوبہ بندی، عمل درآمد اور دیکھ بھال شامل ہے ۔

ٹیکسٹائل انجینئرنگ

ٹیکسٹائل ٹیکنیشن، فیکٹری کے مختلف شعبوں میں کام کرتے ہیں جن میں پروڈکشن، ڈیزائن، ڈائینگ، پرنٹنگ اور فنشنگ کے شعبے شامل ہیں۔ ٹیکنیشن کا اصل کام یہ ہے کہ مشینیں بلا رکاوٹ کام کرتی رہیں، تمام آلات رواں رہیں اور مشینوں کی وقت پر دیکھ بھال ہوتی رہے۔ مختلف قسم کے کپڑے کی تیاری سے پہلے مشینوں کو کسی خاص قسم کے کپڑے کے لیے ایڈجسٹ کرنا ہوتا ہے۔ اگر دھاگا یا کپڑا صحیح تیار نہ ہو رہا ہو یا مشین بند ہوجائے تو نقص کو تلاش کرنا اور دور کرناٹیکنیشن کی ذمہ داری ہے۔ جدید مشینیں کمپیوٹر سے کام کرتی ہیں اسی لیے آج کے دور کے ٹیکسٹائل ٹیکنیشن کو کمپیوٹرائزڈ مشینوں اور الیکٹرونک انجینئرنگ سے بھی واقف ہونا چاہیے۔

میٹالرجیکل انجینئرنگ

میٹالرجیکل انجینئرنگ میں دھاتوں اور فلزات کا طبیعی و کیمیائی مطالعہ کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ کچ دھاتوں سے سائنسی اور انجینئرنگ کے نقطہءنظر سے اصل دھات کا حصول، صفائی، تشکیل کا عمل،اصلاح اور استعمال کے طریقوں پر غور کیا جاتا ہے۔ کیمیادان دھاتوں کی آکسیڈیشن اور تخفیف کا مطالعہ کرتے ہیں اور ان قوانین کا مطالعہ کرتے ہیں جن کے تحت فلزات اور کچ دھاتیں وجود میں آئی ہیں۔ کیمیکل انجینئرنگ اور کیمیائی پروسیسنگ کے اصولوں کی بنیاد پر کچ دھاتوں سے اصل کی علیحدگی کا مطالعہ کیا جاتا ہے۔ ماہرینِ طبیعیات دھاتوںکی خصوصیات کے تعین اور ان کی ساخت کے مطالعے کے لیے دھاتوں کی برقیاتی اور جوہری ساخت پر تحقیق کرتے ہیں۔

میکینیکل انجینئرز دھاتوں کی لچک کا خصوصی طور پر مطالعہ کرتے ہیں اور ان کی دلچسپیوں کا محور عملی استعمال کے لیے دھاتوں کی میکانیکی کارکردگی اور صلاحیتِ کار ہوتا ہے۔ جب کہ ماہرین فلزیات اور دھات کاری کا بنیادی کام مندرجہ بالا شعبوں اور علوم کے پس منظر میں دھاتوں کی فلزات سے علیحدگی، دھاتوں کے مختلف استعمال کے لیے صفائی، پرزوں اور آلات کی تیاری میں دھاتوں کے استعمال پر مشتمل ہوتا ہے۔

سول انجینئرنگ

روایتی طور پر تعمیراتی صنعت کے دو شعبے ہیں۔ ایک شعبہ وہ ہے جس میں چھت دار عمارتیں،یعنی مکانات، فلیٹس، اسکول، اسپتال وغیرہ شامل ہیں جب کہ دوسرا شعبہ بھاری تعمیرات کا ہے جس میں سڑکیں، پل، بند، بندر گاہیں، فیکٹریاں اور بجلی گھر وغیرہ شامل کیے جاتے ہیں۔ تاہم ان دونوں شعبوں میں تقسیم کے کوئی خاص اصول و قواعد مقرر نہیں ہیں۔سول انجینئرنگ کا ڈیزائن کا شعبہ تخلیقی عمل ہے جس میں مختلف نوعیت کے تعمیراتی کاموں مثلاً سڑک، پل، بندرگاہ، سرنگ، بنیادی شہری خدمات یعنی پانی،گیس، بجلی اور نکاسی کے معاملات درپیش ہوتے ہیں اور حالات و ضروریات کے مطابق دستیاب وسائل کو بہتر سے بہتر طور پر استعمال کرتے ہوئے کفایت شعاری کے ساتھ ماحول سے ہم آہنگ ڈیزائننگ کی جاتی ہے۔کام کے بارے میں ابتدائی معلومات اور ضروریات کام کرانے والے سے حاصل کرنی ہوتی ہے۔

تازہ ترین