• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکا سے تعلقات مستحکم کیے، برطانوی جریدہ

پاکستانی آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر پاک امریکا تعلقات کو نئی بلندی پر لے جا رہے ہیں، پاکستان کے امریکا سے تعلقات مستحکم کیے۔

برطانوی جریدے دی اکانومسٹ میں شائع مضمون میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف عاصم منیر کی ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات خطے میں سفارتی تبدیلی کا آغاز تھی۔

مضمون میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی عالمی سطح پر سفارتی کوششوں کو سود مند قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ امریکا اور پاکستان کے تعلقات میں نئی گرمجوشی اور امریکا کی بھارت سے متعلق پالیسی میں تبدیلی اس کامیابی کی مثالیں ہیں۔

برطانوی جریدے کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل کا کشمیر سے متعلق ٹھوس موقف اور ٹرمپ کی جانب سے بھارت پر پچیس فیصد ٹیرف کا نفاذ بھی اسی کامیابی کی کڑیاں ہیں۔

رپورٹ کے مطابق امریکا اور پاکستان تجارتی، انسدادِ دہشت گردی اور مشرقِ وسطیٰ کی پالیسی پر مشاورت کی بنیاد پر باہمی تعلقات استوار کرنا بھارت کیلئے پریشان کن ہے۔

فیلڈ مارشل کی کوششوں کے باعث ہی امریکا اب پاکستان کو انسدادِ دہشت گردی کے لیے بکتر بند گاڑیاں اور نائٹ وژن چشمے فروخت کرنے پر بھی غور کر رہا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر بھارت کو مذاکرات کی میز پر لانا چاہتے ہیں لیکن بھارتی وزیراعظم نریندر مودی رکاوٹ بن رہے ہیں۔

برطانوی جریدے کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مقبولیت بھارت سے مئی 2025 میں ہونے والے تنازع کے بعد بڑھ گئی ہے، بعض ناقدین بھی انہیں بھارت کے ابتدائی فضائی حملوں کا مؤثر جواب دینے پر سراہتے ہیں، بیرونی دباؤ کے باوجود انہوں نے پیچھے ہٹنے سے انکار کیا۔ 

پاکستان اور بھارت کے مابین تنازع کے محض ایک ماہ بعد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے 18 جون کو وائٹ ہاؤس میں ڈونلڈ ٹرمپ سے لنچ پر انتہائی خوشگوار ملاقات کی۔ 

اس کے بعد جولائی کے آخر میں امریکی صدر ٹرمپ نے بھارت کو مردہ معیشت قرار دیا، بھارت پر 25 فیصد ٹیرف بھی عائد کر دیا اور پاکستان کے ساتھ ایک نئے تجارتی معاہدے کا خیر مقدم بھی کیا۔

امریکی اہلکار بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں کے پاکستانی دعوؤں کے شواہد کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔ 

برطانوی جریدے کے مطابق امریکی پالیسی شفٹ کا سہرا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے سر جاتا ہے، ان کا ہدف امریکا کے ساتھ ایک پائیدار اور جامع تعلق قائم کرنا ہے جو بھارت کے لیے مایوسی کا باعث بنا ہوا ہے۔ 

فیلڈ مارشل نے حال ہی میں داعش کے مقامی گروہ کے رہنماؤں کو ہلاک یا گرفتار کر کے امریکی تعریف حاصل کی۔

ٹرمپ کے ساتھی پاکستان کے کرپٹو اور مائننگ سیکٹر میں دلچسپی لے رہے ہیں اور انہوں نے پاکستان کو ایران سے متعلق امریکی مفادات اور اسرائیل کے ساتھ مزید مسلم ممالک کے سفارتی تعلقات کے قیام کے لیے ایک ممکنہ ذریعہ کے طور پر پیش کیا ہے۔

دی اکانومسٹ کے مطابق پاکستانی حکام کہتے ہیں کہ امریکا کے ساتھ قریبی تعلقات چین کے مفادات کے خلاف نہیں ہوں گے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھارت کو مذاکرات کی میز پر لانا چاہتے ہیں۔

ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ان افواہوں کی تردید کی ہے کہ فیلڈ مارشل صدر مملکت بننا چاہتے ہیں۔ 

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل مغرب سے اچھی طرح واقف اور پاکستانی سرزمین پر کام کرنے والے جہادی گروہوں کے سخت مخالف ہیں۔ 

قومی خبریں سے مزید