اسلام آباد (ایجنسیاں)تحریک انصاف کے 5 اگست کے احتجاج سے قبل لاہور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 300 سے زائد کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے‘ دوسری جانب پارٹی قیادت نے تمام ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹرز کو اسلام آباد بلا لیا اور اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کو حتمی شکل دے دی جبکہ ضلعی انتظامیہ نے 7 روز کے لیے راولپنڈی میں دفعہ 144نافذ کردی۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے 5 اگست کو احتجاجی تحریک کے سلسلے میں لاہور میں صورتحال کشیدہ ہوگئی ۔پولیس نے پی ٹی آئی کی قیادت، اہم رہنماؤں اور ٹکٹ ہولڈرز کے گھروں پر چھاپے مارنے اور گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ادھر ذرائع کے مطابق پارٹی کی مرکزی قیادت نے تمام صوبائی صدور اور چیف آرگنائزرز سے مشاورت مکمل کر لی ہے۔