• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فری لانسنگ پاکستان میں تیزی سے فروغ پانے والا کیریئر

فری لانسنگ پاکستان میں تیزی سے فروغ پانے والا کیریئر

فری لانسنگ ، دنیا بھر میں بے روزگار، تعلیم یافتہ اور باہنر افراد کے لیے آمدنی کا ایک اہم ذریعہ اور نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد کا ترجیحی پیشہ بنتا جارہا ہے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ فری لانسنگ میں نوجوانوں کو کام کی نوعیت، آجر، جگہ اور کام کے اوقات کار انتخاب کرنے کا پورا طرح اختیار ہوتا ہے۔ اس کے برعکس، نوکری میں آجر کے طے کردہ اوقات کار، دفتر اور دفترکے رائج مروجہ ضابطہ کار کے مطابق کام کرنا پڑتا ہے۔

فری لانسنگ میں دنیا کی سب سے بڑی ویب سائٹ ’اَپ ورک‘ اور ’فری لانسرز یونین‘ کے سروے برائے سال 2017 کے مطابق، امریکا میں5کروڑ 73لاکھ افراد کا ذریعہ آمدنی فری لانسنگ ہے۔ یہ امریکا کی مجموعی ورک فورس کا 36فی صد بنتے ہیں اور امریکی معیشت میں 1.4ٹریلین ڈالرز سالانہ اضافہ کرتے ہیں۔ سروے کے مطابق، امریکا میں نوکری کرنے والے 54فی صد افراد کا خیال ہے کہ اگلے 20سال میں ان کی موجودہ نوکری ختم ہوجائے گی اور وہ بے روزگار ہوجائیں گے۔ اس بات کے پیشِ نظر، سروے میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ،جس رفتار سے امریکی فری لانسنگ کی طرف منتقل ہورہے ہیں، اگر یہی رفتار جاری رہی تو، آئندہ 10سال میںفری لانسنگ امریکا میں روزگار فراہم کرنے والی سب سے بڑی انڈسٹری بن جائے گی۔

فری لانسنگ کا رجحان صرف امریکا میں ہی نہیں، پاکستان میں بھی تیزی سے فروغ پا رہا ہے ۔ پاکستان جیسی معیشت میں بے روزگاری ایک بڑا مسئلہ ہے۔ انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی ریفارمزکی رپورٹ کے مطابق، 2016میں پاکستان میں 53لاکھ افراد بے روزگار تھے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ پاکستان میں بے روزگاری کی شرح حکومت کے 6فی صد کے دعوے کے برعکس درحقیقت 8.5فی صد ہے۔یہ شرح گزشتہ 13سال کی بلند ترین سطح پر تھی۔ مزید برآں، خدشہ ہے کہ گزشتہ 2سال کے دوران اس میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ان میں سے تعلیم یافتہ بےروزگار نوجوان فری لانسنگ کی جانب متوجہ ہورہے ہیں۔

حکومتی اندازوں کے مطابق، پاکستان میں 1لاکھ 50ہزار سے زائد افراد فری لانسنگ کرتے ہیں، جس سے وہ ملکی معیشت میں ایک ارب ڈالر کا حصہ ڈال رہے ہیں۔اعدادوشمار کے مطابق، دنیا کی سب سے بڑی فری لانسنگ ویب سائٹ’اَپ ورک‘ پرپاکستانی پانچویں جب کہ ’فری لانسرزڈاٹ کام‘ پر تیسرے نمبر پر ہیں، اس طرح عالمی سطح پر اوسطاً سب سے زیادہ فری لانسنگ کرنے والوں ملکوں میں پاکستان چوتھے نمبر پر ہے۔

ورلڈ وائڈ ویب نے ملازمتوں کی تلاش کے روایتی انداز کو چھوڑ کر نئے ذرائع پیدا کیےہیں، جہاں لوگ روایتی طریقوں سے ہٹ کر مرضی کا کام تلاش کرسکتے ہیں۔ ویب پر کام کرنے کے بےشمار مواقع دستیاب ہیں۔ پاکستان میں ایک تخمینے کے مطابق 15,000سے زائدآئی ٹی کمپنیاں ہیں ، جبکہ 10 ہزار کے قریب آئی ٹی گریجویٹ ہر سال مارکیٹ میں شامل ہو رہے ہیں۔ اَپ ورک پرآجر اور فری لانسرز ہر پراجیکٹ پر بولی لگاتے ہیں، اس طرح وہ دنیا میں کہیں سے بھی اپنے مطلوبہ کام کے لیے فری لانسر تلاش کرسکتے ہیں۔

پائینرفری لانسر سروے کے مطابق، پاکستانی فری لانسر ہفتے کے پانچ دنوں میں34گھنٹے کام کرتے ہیں جبکہ دنیا میں اوسطاً 36گھنٹے یعنی 7.2گھنٹے یومیہ کام کیا جاتاہے۔ ان میں سے کچھ فری لانسر جز وقتی جبکہ کچھ کُل وقتی کام کرتے ہیں ۔کینیا کے فری لانسر ہفتے میں سب سے زیادہ 42.6گھنٹے کام کرتے ہیں، دوسرے نمبر پر مصری ہیں جو 38.5 گھنٹے کام کرتے ہیں۔

فری لانسنگ میں کچھ کام سب سے زیادہ ادائیگیاں کررہے ہیں، مثلاً قانونی خدمات فراہم کرنے والے فری لانسر کو اوسطً31ڈالر فی گھنٹہ مل رہے ہیں، سیلز اینڈ مارکیٹنگ والوں کو 21ڈالر فی گھنٹہ ملتے ہیں۔ اسی طرح آرٹیکل لکھنےیا ترجمہ کرنے کے اوسطً17ڈالر فی گھنٹہ مل رہے ہیں۔ زیادہ پاکستانی فری لانسر آئی ٹی اور پروگرامنگ فری لانسنگ ویب سائیٹس پر بولی دیتے ہیں۔ یہ پروگرامر زیادہ تر موبائل، ویب، ڈیٹا بیس، گیم پروگرامنگ ڈیویلپر، سوال و جواب ٹیسٹنگ میں عموماً 21 سے 23 ڈالر فی گھنٹہ کما رہے ہیں۔ سوشل میڈیا مارکیٹنگ میں ایس ای او کو 20ڈالر فی گھنٹہ ادائیگی کی جارہی ہے۔ دلچسپی کی بات یہ ہے کہ فری لانسنگ میں پاکستانی خواتین، مردوں سے زیادہ معاوضہ لے رہی ہیں۔ پاکستان سمیت پوری دنیا میں ویب ڈیزائننگ پر سب سے زیادہ کام کیا جاتاہے۔ اس کے بعد گرافک ڈیزائن اور پھر رائٹنگ کا نمبر آتا ہے۔فری لانسنگ بہترین مہارتوں، اخلاقیات اور ڈسپلن کا تقاضا کرتی ہے۔ بعض لوگوں کو یقین ہے کہ اس سے زیادہ پیسے کمائے جاسکتے ہیں۔ فری لانسنگ ایک ایسا راستہ ہے، جس پر چل کر آپ اپنی نئی کمپنی قائم کرسکتے ہیں اور اپنے کام سے اچھا خاصا معاوضہ حاصل کرسکتے ہیں۔ لیکن ایک اچھا فری لانسر بننے کے لیے آپ کا منظم، ایماندار اور پیشہ ورانہ سوچ کا حامل ہونا ضروری ہے۔ فری لانسنگ کے ابتدائی کاموں میں شاید آپ کو چند ماہ لگیں، لیکن جب آپ رفتار پکڑ لیتے ہیں تو آپ کی محنت کا اچھا صلہ ملنا شروع ہو جاتاہے۔

تازہ ترین