ڈیرہ غازی خان میں پولیس نے تاوان کی غرض سے اغوا ہونے والے 4سالہ بچے کو بازیاب کر کے والدین کے حوالے کردیا ہے، پولیس نے 3ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔
ڈی پی او ڈیرہ غازی خان احمد نواز چیمہ نے پولیس لائن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 4سالہ عبدالحنان کو 5مئی کو اس کے گھر میں دو مسلح افراد گھس کر اغوا کرکے لے گئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند روز سے ملزمان بچے کے والد محمد ساجد کو تاوان طلب کرنے کیلئے فون کررہے تھے، ان کالز کے ذریعے ملزمان تک رسائی ممکن ہوئی اور بچے کو باحفاظت بازیاب کرا کےپولیس لائن میں والد کے حوالے کر دیا گیا۔
ڈی پی او کے مطابق ملزمان نے بچے کے گھر والوں سے 12کروڑ روپے تاوان طلب کر رکھا تھا۔
ڈی پی او ملزمان کو میڈیا کے سامنے لائے، گرفتار ملزمان میں ایک خاتون اور دو مرد شامل ہیں جن سے مزید تفتیش کی جارہی ہے ۔
محمد ساجد نے بیٹے کی باحفاظت بازیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔