• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ کے رہنمائوں میں گروپ بندی کے خاتمہ کیلئے کوششیں

اسلام آباد (ایوب ناصر خصوصی نامہ نگار )راولپنڈی اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں میں گروپ بندی کے خاتمہ کےلئے کوششیں شروع ہوگئی ہین اور عیدالفطر کی چھٹیوں کے دوران اس سلسلے میں ملاقاتوں کابھی امکان ہے ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے بانی رکن اور سابق وفاقی وزیر چوہدری نثار علی خان کو ٹکٹ دینے میں ’’انا‘‘ رکاوٹ بن گئی ہے ۔ اور کہا جارہا ہے کہ ن لیگ کا پارلیمانی بورڈ درخواست آنے کی صورت میں اس پر غور کرے گا۔ چوہدری نثار علی خان کے حلقوں سے ن لیگ کے دوسرے متبادل امیدوار بھی موجود ہیں۔ جبکہ کوٹھہ کلاں گروپ سےبحریہ ٹائون کے ڈائریکٹر لینڈ چوہدری امجد بھی چوہدری نثار علی خان کی مخالفت میں سامنے آگئے ہیں۔ چوہدری نثار علی خان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ ماضی کی طرح بغیر درخواست دیئے ٹکٹ لینے کے خواہاں ہیں ۔ 18جون کو وہ اپنی انتخابی مہم شروع کرنے کا عندیہ دے چکےہیں ۔ ٹکٹ نہ ملنے کی صورت میں آزاد حیثیت میں انتخاب لڑیں گے ۔ چوہدری نثار علی خان کی ن لیگ سے دوری کی وجہ سے راولپنڈی میںن لیگ میںگروپ بندی کے خاتمہ کی تمام تر ذمہ داری سینیٹر چوہدری تنویر کےکندھوں پر آگئی ہے مگر راولپنڈی سے قومی اسمبلی کے امیدوار حنیف عباسی کا ابھی تک اُن سے اختلاف رائے ختم نہیںہوسکا ۔ شہباز شریف کی ہدایت پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین سینیٹر راجہ ظفرالحق اور خواجہ سعد رفیق نے گروپ بندی کے خاتمہ کےلئے سابق ایم این اے ملک ابرار ، شیخ ارسلان حفیظ ، شکیل اعوان ، مرزا منصور بیگ کو متحرک کیا ہے ۔ آئندہ دو دنوں میںسینٹر چوہدری تنویر ، حنیف عباسی ، سردار نسیم خان ، شکیل اعوان ، ضیا اللہ شاہ ، چوہدری ایاز اور حاجی پرویز خان کے مل بیٹھنے سے اختلاف ختم ہو جائیں گے ۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کا دعویٰ ہے کہ مسلم لیگ (ن) جتنی جلدی راولپنڈی اسلام آباد میں گروپ بندی ختم کرکے انتخابی مہم شروع کردے گی اتنے ہی اچھے نتائج سامنے آئیں گے ۔این اے 54میں انجم عقیل خان کو گرین سگنل دے دیا گیا ہے اور ہدایت کی گئی ہے کہ وہ میئر او رناظمین کو بھی ساتھ لے کر چلیں ۔ ذیشان نقوی نے تو انجم عقیل کے ساتھ چلنے کی حامی بھرلی تاہم دوسرے میئر ابھی ساتھ چلنے کو تیار نہیں۔  
تازہ ترین