• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ لوٹوں کو نہیں اپنے لوگوں کو ٹکٹ دے رہی ہے، طلال چوہدری

ن لیگ لوٹوں کو نہیں اپنے لوگوں کو ٹکٹ دے رہی ہے، طلال چوہدری

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرنے ہوئے ن لیگ کے رہنما طلال چوہدری نے کہاہے کہ چوہدری نثار نے ہمیں ہمیشہ کہا کہ پارٹی مس ٹریٹ کرے تو پارٹی سے علیحدہ نہیں ہوتے بلکہ اندر رہ کر اپنا موقف دیتے ہیں اسی سے عزت بڑھتی ہے، چوہدری نثار بھی اسی اصول پر عمل کریں جو انہوں نے ہمیں سکھایا ہے، فواد چوہدری ٹوئٹس میں پی ٹی آئی کو کتا پکارتے رہے ہیں،پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ کسی امیدوار کے ایک حلقہ سے کاغذات نامزدگی منظور اوردیگر سے مسترد کرنا کنفیوژن پھیلائے گا،پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے کہاکہ پی ٹی آئی کا ٹکٹ انتخابات میں کامیابی کا گارنٹی ہے۔طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ ن لیگ لوٹوں کو نہیں اپنے لوگوں کو ٹکٹ دے رہی ہے، تحریک انصاف جن جاگیرداروں ، ڈاکوؤں اور چوروں کیخلاف بنی تھی وہ آج تحریک انصاف میں شامل ہیں، ن لیگ انتخابات میں سب سے بڑی اکثریتی جماعت بن کر ابھرے گی، پنجاب میں پی ٹی آئی کا ن لیگ سے دور تک مقابلہ نہیں ہے، ہمیں وزارت عظمیٰ یا وزارت اعلیٰ نہیں چاہئے نواز شریف کا فیصلہ واپس کروانا ہے، ہم صرف اقتدار نہیں اختیار سمیت واپس آنا چاہتے ہیں ورنہ وزارت عظمیٰ نہیں لیں گے۔طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ نادرا سے ووٹرز ڈیٹا لیک ہونے کی شکایت پر تحقیق ہونی چاہئے لیکن فوراً کسی کو نکالنے کا مطالبہ کرنا درست نہیں ہے، جی ٹی روڈ سے نواز شریف گیا نہیں تھا بلکہ آرہا ہے، ن لیگ واضح اکثریت لے کر آئین میں بنیادی تبدیلیاں کرے گی۔ فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان اور شاہد خاقان عباسی کے کاغذات نامزدگی سپر ٹیکنیکل بات پر مسترد کیے گئے ہیں، ریٹرننگ افسر نے حلقہ کیلئے خدمات نہ لکھنے پر کاغذات نامزدگی مسترد کر کے غیر ذمہ دارانہ فیصلہ دیا، اس فیصلے کو ٹریبونل ایک منٹ میں کالعدم قرار دیدے گا،عمران خان نے پینتیس ارب روپے شوکت خانم پر خرچ کئے ایک روپے کی کرپشن کا الزام نہیں لگایا جاسکتا۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا ٹکٹ انتخابات میں کامیابی کی گارنٹی ہے، اس وقت ماسکو کے اسٹیڈیم کے باہر اتنا رش نہیں جتنا بنی گالہ کے باہر ہے، پی ٹی آئی میں صرف وہ نہیں آرہا جسے ہم نہیں لے رہے، ہم نے 178ٹکٹ دیئے ان میں سے 104 ٹکٹ پی ٹی آئی کے پرانے لوگوں کوملے ہیں، اس میں 18ٹکٹ پیپلز پارٹی سے آنے والوں اور 24ٹکٹ ن لیگ سے آنے والوں کو دیئے ہیں، ٹکٹوں کی تقسیم پر کئی جگہوں پر غیرضروری جھگڑے ہیں جو حل ہوجائیں گے، پنجاب میں جوسر اور واشنگ مشین بھی ساتھ دیں تو کوئی پیپلز پارٹی کا ٹکٹ لینے کو تیار نہیں ہے، جمشید دستی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی کوئی بات نہیں ہوئی ہے، سیاسی مخالفت اپنی جگہ مگر کسی پر ذاتی حملے نہیں کرنے چاہئیں، اگر ہم شروع ہوجائیں نواز شریف، شہباز شریف اور شریف خاندان کی اخلاقی کرپشن کم نہیں ہے لیکن ہم گٹر پالیٹکس میں نہیں پڑتے ہیں، ن لیگ عمران خان پر کرپشن کا الزام نہیں لگاسکتی اس لئے گٹر پالیٹکس کرتی ہے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ میں طلال چوہدری کی طرح ق لیگ میں گاڑیوں کے آگے کبھی نہیں ناچا، نواز شریف ن لیگ کی انتخابی مہم چلاتے ہیں تو ہمیں اس پر اعتراض نہیں ہے، نواز شریف کو سیاست سے عوام نکال رہے ہیں، ن لیگ وفاق کی دوڑ سے نکل گئی ہے پنجاب کے علاوہ ان کے پاس کہیں امیدوار نہیں ہے، یہ صرف سینٹرل پنجاب پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔فواد چوہدری نے کہاکہ ن لیگ احمقوں کی جنت میں رہ رہی ہے، جس دن وہ ان کیخلاف ہوگئے پھر دیکھیں کیا ہوتا ہے، نواز شریف کیخلاف میرٹ پر فیصلے آگئے تو ان کی پشتیں بھی سیاست نہیں کریں گی، ن لیگ دو تہائی اکثریت سے کیسے جیتے گی جب اتنے امیدوار ہی کھڑے نہیں کررہی۔ فواد چوہدری نے کہا کہ نادرا سے ڈیٹا چوری ہوجائے تو بہت بری بات ہے، عمران خان نے نگراں وزیراعظم کو خط لکھ کر توجہ دلائی ہے کہ نگراں حکومتیں بہت آہستہ کام کررہی ہیں، گورنر خیبرپختونخوا کو ابھی تک تبدیل نہیں کیا گیا جو ن لیگ کے جنرل سیکرٹری رہے ہیں، وفاقی اور صوبائی بیوروکریسی میں ابھی تک ٹرانسفرز نہیں کیے گئے ہیں۔مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ کسی امیدوار کے ایک حلقہ سے کاغذات نامزدگی منظور اور دوسرے سے مسترد کرنا کنفیوژن پھیلائے گا، سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری سے متعلق ہمارا خیال درست ثابت ہوا ہے، افتخار چوہدری نے آرٹیکل 62/63کے مسائل پیدا کردیئے ہیں، نواز شریف خود بھی صادق امین نہیں بنے اور دوسروں کیلئے بھی مسائل پید اکردیئے، فواد چوہدری اور طلال چوہدری نے جو راستہ اختیار وہ ان کا نہیں ان کی قیادت کا قصور ہے،ان کی قیادت نے ایک دوسرے کے اتنے بخیے ادھیڑے ہیں کہ یہ اس راستے پر چلنے کیلئے اب مجبور ہیں، سیاستدانوں کو ایک دوسرے کیلئے نازیبا الفاظ استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہئے، نواز شریف کی نااہلی کا یہ مطلب نہیں کہ وہ سیاست نہیں کرسکتے، الیکشن کمیشن نے دو اداروں کے درمیان معاہدہ پر نادرا سے اعتراض کیا ہے، نادرا کا ووٹرز ڈیٹا لیک ہونے پر جواب درست نہیں ہے، ووٹرز کا ڈیٹا لیک ہونے کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی ہونی چاہئے۔ 

تازہ ترین