پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) کے سربراہ محمود خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کا خزانہ ہونے کے باوجود ہم فقیر بن چکے ہیں، جن نعمتوں کا سورۃ رحمان میں ذکر ہے وہ پاکستان میں ہیں پھر بھی ہم کیوں بھوکے ہیں؟
اسلام آباد میں تحفظ آئین پاکستان کیسے اور کیوں؟ کے عنوان سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ حقیقی آزادی اس وقت ہوگی جب عوامی ووٹ سے پارلیمنٹ بنے گی۔
انکا کہنا تھا کہ جب ملک میں کسی فرقے کا جھگڑا یا بالادستی نہ ہو تو آزادی ہوگی، حقیقی آزادی ملک میں تب آئے گی جب عوام کی منتخب حکومت آئے گی، اس کےلیے ہمیں اصلاحات کرنی ہوں گی اور تبدیلی لانا ہوگی۔
محمود اچکزئی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ملک کی سب سے مقبول جماعت کا لیڈر ہے، رہا کرو کی بات نہیں، انہیں رہا کرنا پڑے گا، اگر وہ باہر چلا گیا تو آپ کا فائدہ ہوگا، اگر بانی پی ٹی آئی یہاں رہا تو اس کا مطلب یہ کہ وہ شریف آدمی ہے۔