کراچی ( اسٹاف رپورٹر) قومی ہاکی ٹیم نے بھارت میں بھارت کو شکست دیکر یہ ثابت کردیا کہ ملک میں ہاکی ابھی زندہ ہے۔ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے سابق ہاکی اولمپئن اور 12ویں ایشین گیمز کے چیف ڈی مشن اصلاح الدین نے کہا کہ قومی ہاکی ٹیم نے گوہاٹی بھارت کو دو بار شکست دیکر قوم کو نئے سال کا تحفہ دیا ہے ۔ اگر اسی طرح ٹیم کی فتوحات کا سلسلہ جاری رہا تو قومی ہاکی ایک بار پھر سہی سمت پرچل پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ کافی عرصے بعد قومی ٹیم کی کامیابی سے قوم کو بہت خوشی ملی ہے ۔ بھارت میں بھارتی ٹیم کو ہرانا بڑی بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اسپورٹس کی موجودہ خراب صورت حال کے باوجود قومی ٹیم کا ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتنا ملکی ہاکی کے لیے بہت اچھا ثابت ہوگا۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے ۔ ضرورت ہے تھوڑی سی توجہ دینے کی تاکہ قومی ٹیم انٹرنیشنل مقابلوں میں مزید ٹائٹل حاصل کرسکے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی ٹیم کو فائنل میں بہت مواقع ملے مگر انہوں نے وہ مواقع ضائع کردیئے۔ اس کے برعکس پاکستان کو کم چانس ملے ۔ مگر پاکستان گول کرکے جیت اپنے نام کی۔ ان کا کہنا تھا کہ گوہاٹی کے لوگ بہت ملنسار اور محبت کرنے والے ہیں اور مجھے یہاں آکر بہت خوشی ہوئی ہے۔