• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتخابات سے قبل میڈیا کو خوفزدہ کرنے کی کوششیں افسوسناک ہیں ،رضا ربانی

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ اختلاف رائے کرنے والے صحافیوں ، ایڈیٹرز ، کالم نگاروں کو ہراساں کرنا صحافیوں کو اغوا ء، تشدد ، نیوز چینلز بند کرکے خوفزدہ کرنے کی کوشش قابل مذمت ہے ۔ یہ معاملہ سینیٹ کی کمیٹی میں زیر غور آنا چاہیے تھا لیکن یہ افسوسناک ہے کہ سینیٹ نے دانستہ طور پر اپنے دروازے بند کر دئیے ہیں ۔رضا ربانی نے اپنے بیان میں کہا کہ انتخابات سے قبل میڈیا کو خوفزدہ کرنے کی کوششیں افسوسناک ہیں ، نہ صرف صحافیوں بلکہ اخبار فروشوں، اور کیبل آپریٹرز کو بھی خوفزدہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ صحافیوں اور کالم نگاروں کی تصاویر کی سلائیڈ دکھانا افسوسناک ہے ۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل اور بین الاقوامی پریس انسٹیٹیوٹ نے اپنی رپورٹ اور خطوط میں اس معاملے کی جانب نشاندہی کی ہے ۔ اگر یہ مہم جاری رہی تو آئین کے تحت صاف شفاف اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد ناممکن ہو جائے گا ۔ ایسی قوتوں کو باور کرانا چاہتے ہیں کہ پاکستانی معاشرہ اور وفاق انجینیرڈ الیکشن کا متحمل نہیں ہو سکتا ۔

تازہ ترین