• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’کراچی والوں کی جان ٹینکر مافیا سے چھڑائیں گے‘

’کراچی والوں کی جان ٹینکر مافیا سے چھڑائیں گے‘

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا کہنا ہے کہ شہر قائد کے باسیوں کو ہر حال میں صاف پانی دینا ہے ہم ٹینکرز مافیا سے کراچی کے عوام کی جان چھڑائیں گے۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سندھ میں صاف پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے حوالے سے کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے کی۔

حکومت کی جانب سے سیکریٹری آب پاشی عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سمندر کا حال دیکھا، افسوسناک ہے بوتلوں اور غلاظت کا ڈھیر ہے، روزانہ 450 ملین گیلن سیوریج سمندر میں جارہا ہے۔

اس موقع پر عدالت نے منچھر جھیل کی صفائی نہ ہونے اور گندے پانی کے اخراج پر عدالت سے اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے 14.5 ارب روپے میں سے ایک روپیہ خرچ نہیں کیا میں خود منچھر کا دورہ کروں گا۔

سیکریٹری آبپاشی نے جواب دیا کہ منچھر جھیل سے یومیہ 300 ملین کیوسک پانی ملتا ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ منچھر جھیل سے پانی ملنے کے باوجود کراچی میں ٹینکر مافیا کا راج ہے، شہر قائد کے باسیوں کو ہر حال میں صاف پانی دینا ہے ۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ہم ٹینکرز مافیا سے کراچی کے عوام کی جان چھڑائیں گے، دس سال سے اس حکومت نے کیا کام کیا ؟ اب سپریم کورٹ خود مانیٹر کرے گا۔

تازہ ترین