• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

”خود کو گنواؤ ،سندھ بچاؤ “ کموں شہید سے شروع ہونیوالی مردم شماری ریلی سکھر پہنچ گئی

سکھر (بیورو رپورٹ)مردم شماری کے حوالے سے ”خود کو گنواؤ ،سندھ کو بچاؤ “کموں شہید سے شروع ہونے والی سندھ مردم شماری مانیٹرنگ کمیٹی ریلی کے شرکاء سکھر پہنچ گئے، ریلی کی قیادت سندھ مردم شماری مانیٹرنگ کمیٹی کے کنوینر اور سندھ یونائیٹڈ کمیٹی کے رہنما سید جلال محمود شاہ، جئے سندھ قومی محاذ کے رہنما ڈاکٹر نیاز کالانی، قمر بھٹی، جمعیت علماء اسلام کے رہنما راشد محمود سومرو، عوامی جمہوری کے رہنما ابرار قاضی ، جسقم آریسر گروپ کے میر عالم مری سمیت دیگر رہنماؤں نے کی، ریلی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی سکھر پریس کلب پہنچی، جہاں ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سید جلال محمود شاہ نے کہا کہ سندھ میں 1998ء میں ہونے والی مردم شماری میں سندھی عوام نے دلچپسی نہیں لی اور صرف 3کروڑ آبادی دکھائی گئی جبکہ 2011ء کی مردم شماری میں جعلسازی کی گئی اور سندھی عوام 5کروڑ دکھائے گئے، سندھ میں سندھی عوام کی آبادی اس وقت6کروڑ سے زیادہ ہے، اس لئے سندھی ہر گھراپنا الگ لکھوائیں تاکہ سندھ کے حقوق حاصل ہو سکیں اور این ایف سی ایوارڈ میں پیسوں کی تقسیم درست ہوسکے، انہوں نے کہا کہ ”خود کو گنواؤ،سندھ کو بچاؤ“ مہم سندھی عوام کی بیداری مہم شروع کی گئی ہے تاکہ وہ بھرپور حصہ لیں اور درست اعداد وشمار لکھوائیں، زبان کے خانوں میں سندھی لکھوایا جائے تاکہ مردم شماری درست ہو سکے،حکومت مردم شماری کو پیچھے دھکیلنا چاہتی ہے مگر سندھ کی عوام مردم شماری کو پیچھے نہیں ہونے دے گی، جئے سندھ قومی محاذ کے رہنماء ڈاکٹر نیاز کالانی نے کہا کہ سندھ وفاق کو ساڑھے 9سو ارب روپے دیتی ہے اور جواب میں این ایف سی ایوارڈ کے تحت سندھ کو صرف ڈیڑھ سو ارب روپے ملتے ہیں، جوکہ سندھ کے ساتھ زیادتی ہے، اس لئے سندھی عوام مردم شماری میں بھرپور حصہ لیں ،ہم سندھ بچانے کے لئے نکلے ہیں اور سندھ کے سپوت سندھ کے حقوق حاصل کر یں گے، جمعیت علماء اسلام کے صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ راشد محمود سومرو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کموں شہید سے کراچی تک سندھ کو بچانے کے لئے نکلے ہیں، ہمارے بڑوں نے سندھ کے حقوق کے لئے جانیں قربان کی ہیں، ہم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، سندھ سندھی عوام کی ہے، سندھ کی طرف میلی آنکھ اٹھا کر دیکھنے والوں کی آنکھیں نکالی لیں گے، میرے والد شہید ڈاکٹر خالد محمود سومرو نے سندھ کے لئے اپنی جان قربان کی ہے، سندھ کے حقوق کے لئے جے یو آئی کے کارکن بھی جانیں قربان کریں گے، دھرتی سے محبت ایمان سمجھتے ہیں ، کراچی سے کشمور تک جے یو آئی کارکن عہد کرتے ہیں کہ مردم شماری مہم میں سندھی لکھوائیں گے ، جسقم آریسر گروپ کے رہنما میر عالم مری نے کہا کہ سندھ کی تمام پارٹیاں سندھ کے حقوق کے لئے نکلی ہیں اور مردم شماری میں بھرپور حصہ لیں اور سندھی لکھوائیں تاکہ سندھ دھرتی کا حق ادا کرسکیں، سندھ کے حقوق حاصل کرنے کے لئے پیچھے نہیں ہٹیں گے، جئے سندھ قومی محاذ کے رہنما قمر بھٹی نے کہا کہ ”خود کو گناؤ، سندھ کو بچاؤ“ مہم کے تحت سندھ قومی کو بچانے کے لئے باہر نکلنا پڑے گا، سندھ کی عوام نے ان کو ووٹ دیئے جنہوں نے سندھ کے مسائل پر آواز بلند کرنے کے بجائے خاموشی اختیار کر لی ہے، سندھی عوام کو چاہیئے کہ ایسے لوگوں کو ووٹ دیں جو سندھ کے حقوق کے لئے آواز بلند کریں، عوامی جمہوری پارٹی کے رہنما ابرار قاضی نے کہا کہ ”خود کو گناؤ، سندھ کو بچاؤ مہم کے تحت سندھ بھر کا دورہ کریں گے۔
تازہ ترین