لاہور (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف کے این اے 129 لاہور سے امیدوار قومی اسمبلی عبد العلیم خان نے سردار ایاز صادق کے الیکشن کمیشن کو حلقے کے ریٹرننگ افسر کے خلاف لکھے خط کے جواب میں کہا ہے کہ ابھی سے کیوں آپ کے پاؤں اُکھڑ گئے؟ واویلا کرنا چھوڑیں اور حوصلے کے ساتھ سیاسی میدان میں مقابلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ابتدائے عشق ہے روتا ہے کیا، آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا‘‘ اور یہ بھی کہ ’’ابھی تو پارٹی شروع ہو ئی ہے، ایاز صادق کو بھاگنے نہیں دوں گا‘‘۔ عبد العلیم خان نے خط کے مندرجات کے ردعمل میں جاری کردہ ویڈیو پیغام میں کہا، ’’ایاز صادق صاحب! یہ 2015ء نہیں 2018ء ہے، اب وفاق مدد کو آئے گا نہ پنجاب حکومت، سوئی گیس کے محکمے سے فنڈز ملیں گے، نہ ریلوے سے کمک آئے گی، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہو سکیں گے اور نہ ہی پولیس اور حکومتی ادارے اُن کی دادرسی کو آئیں گے۔ عبد العلیم خان نے کہا کہ ایاز صادق میڈیا کے اس دور میں بھی اتنے بے خبر نکلے کہ انہیں علم ہی نہیں ہو سکا کہ میں دونوں حلقوں میں ریٹرننگ افسر کے سامنے پیش ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار سے باہر آنے کے بعد ایاز صادق کو اپنی حیثیت کا اندازہ ہو رہا ہے، اسی لئے وہ ملک بھر میں دھاندلی کا شور مچانے والے اور انتخابی میدان سے بھاگنے والے پہلے شخص ثابت ہوں گے۔ دریں اثناء عبد العلیم خان نے این اے 129 میں عید ملن پارٹی سے خطاب کیا جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کارنر میٹنگز سے بھی خطاب کیا۔ وہ علاقے کے معززین سے بھی ملے۔ پی پی 157 سے صوبائی اسمبلی کے امیدوار محمد شعیب صدیقی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ حلقے میں جگہ جگہ کارکنوں نے ان پر پھول نچھاور کئے اور عمران خان اور ان کے حق میں نعرے بازی کی۔