اسلام آباد(نمائندہ جنگ)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قبل از انتخابات دھاندلی کے الزامات لگادیے ۔ چیف الیکشن کمشنر کے نام خط میں لاہور کے حلقہ این اے 129 کے ریٹرننگ آفیسر غلام مرتضیٰ اپل کے خلاف جانبداری برتنے کی شکایت کردی۔ ایاز صادق نے چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط میں کہا کہ حلقہ این اے 129کےریٹرننگ آفیسر مکمل طور پر جانبدار ہیں اوران کے سیاسی مخالف علیم خان کی حمایت کر رہے ہیں،ایاز صادق نے خط میں لکھا ہے کہ آر او نے انہیں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لیےذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا جبکہ ان کے مخالف امیدوار کو حاضری سے استثنی دے دیا،احتجاج کرنے پر علیم خان کو 19جون کو بلایا گیا، اور بتایا گیا کہ آپ کےکاغذات منظور ہو چکے ہیں،جائیں جاکر اپنی مہم چلائیں،ایاز صادق نے خط میں لکھا ہے کہ آر او نے ان سے توہین آمیز سوالات بھی کیے جن کا کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال سے کوئی تعلق نہ تھا ،میرے غیر ملکی دوروں کی تفصیلات اور ترقیاتی کاموں کے بارے غیر ضروری سوالات کیے گئے،ایاز صادق نے چیف الیکشن کمشنر سےریٹرننگ آفیسر غلام مرتضیٰ اپل کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ ریٹرننگ آفیسر برقرار رہے تو یہ قبل از انتخابات دھاندلی ہوگی،اس کے اعلان کردہ انتخابی نتائج کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔