• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بینظیر بھٹو کے مشن کی تکمیل کیلئے جدو جہد جاری رکھی جائے گی،پی پی رہنما

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی)شہید جمہوریت بینظیر بھٹو کے وژن اور افکار پر عمل پیرا ہوکر نہ صرف ملک کو موجودہ سیاسی بحران سے نکالا جاسکتا ہے بلکہ وفاق پاکستان کو بھی مضبوط اور مستحکم کیا جاسکتا ہے آج ملک میں  جمہوریت کا تسلسل بینظیر بھٹو اور سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کے میثاق جمہوریت میں پوشیدہ ہے ملک میں  صاف شفاف الیکشن ہی پاکستان کو ایک مضبوط قیادت دے سکتے ہیں اور اس میں ملک کی ترقی ہے۔ شہید جمہوریت بینظیر بھٹو کے مشن کے تکمیل کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے ان خیالات کا اظہار رہنمائوں نے پاکستان پیپلزپارٹی وولرہمپٹن مڈلینڈ اور برمنگھم کے زیر اہتمام شہید جمہوریت کی 65ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر وولورہمپٹن خواجہ محمود صابری کی صدارت میں منعقدہ تقریب میں صدر مڈلینڈ چوہدری شاہنواز، صدر برمنگھم چوہدری شبیر، ارشاد عزیز، راجہ خالد، یاسر بلال، خاور ایوب، پاکستان سے آئے ہوئے ساجد یونس، چوہدری خالق، چوہدری امین، سینئر نائب صدر مرزا اختر محمود، وحید بٹ، شیخ اشفاق، لارڈ میئر ووسٹر چوہدری اللہ دتہ، اعزازی ڈپٹی آف لارڈ میئر برمنگھم چوہدری خالق، چوہدری امین ایوب سرکھوی، فدا باری، سردار غلام رسول، وقاص الحق گجر، چوہدری آفتاب، چوہدری ساجد مظہر سمیت کثیر تعداد میں جیالوں، رہنمائوں اورکارکنان نے شرکت کی۔ چوہدری شاہ نواز نے مزید کہا کہ بھٹو خاندان نے پاکستان میں جمہوریت کی بحالی اور تسلسل کیلئے بے پناہ قربانیاں دیں، آج بھی پاکستان میں دوسرے جمہوری ادوار کی تکمیل میں شہید جمہوریت بینظیر بھٹو کا فلسفہ اور وژن شامل ہے۔ میزبان خواجہ محمود صابری نے کہا کہ بھٹو خاندان اور پاکستان میں جمہوریت ایک دوسرے کےساتھ لازم اور ملزوم ہیں۔ پاکستانی سیاست کا محور ہمیشہ بھٹو خاندان کے گرد گھومتا رہا ہے۔ آج بھی بھٹو خاندان کی تیسری نسل بلاول بھٹو کی صورت میں قیادت کررہی ہے۔ برمنگھم کے قائم مقام صدر چوہدری شبیر حسین نے کہا کہ جس طرح قیادت آج بھٹو خاندان کی تیسری نسل کررہی ہے، محبتوں کے یہ جذبات کارکنان میں بھی تیسری نسل میں منتقل ہورہے ہیں۔ چوہدری ارشاد عزیز نے کہا کہ بینظیربھٹو کے وژن فلسفہ اور مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ مڈلینڈز پی پی کے آرگنائزر محمد ایوب سرکھوی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا ورکر احتجاجاً خاموش رہ کر ںاراضگی کا اظہار کرسکتا ہے مگر ایک بار جو پیپلزپارٹی کا ہوگیا وہ پھر چھوڑ نہیں سکتا۔ سینئر نائب صدر پی پی برمنگھم مڈلینڈز مرزا اختر محمود نے کہا کہ آج ہم شہید جمہوریت کی 65ویں سالگرہ کا کیک کاٹ رہے ہیں۔ محترمہ کی ابھی عمر ہی کیا تھی، ظالموں نے اتنی بڑی قیادت کو ہم سے جدا کردیا۔ ممبر فیڈرل کونسل چوہدری امین نے کہا کہ محترمہ نے جب آخری بار پاکستان کی سرزمین پر قدم رکھا تو ملک میں دہشت گردی، انتہاپسندی پورے عروج پر تھی اس دہشت کے ماحول میں محترمہ نے سوات کی حسین وادیوں میں پاکستان کا پرچم بلند کرنے کا عزم کیا تھا۔ بعد میں پی پی کی حکومت نے ایسا کرکے دکھایا۔ لارڈ میئر ووسٹر چوہدری اللہ دتہ نے کہا کہ محترمہ ایک بڑے وژن کی مالک تھیں اگر زندہ ہوتیں تو پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا۔ چوہدری خالق نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے اپنے نظریات و افکار سے پاکستان کا مثبت امیج پوری دنیا میں اجاگر کیا۔راجہ خالد محمود نے کہا کہ لوگوں کا خیال تھا کہ بینظیر بھٹو کو شہید کردیا جائے تو پیپلزپارٹی کو کوئی نام لیوا نہ ہوگا، یہ تمام اندازے اور تھیوریاں حرف غلط کی طرح مٹ گئیں۔ آج بھی پاکستان پیپلزپارٹی وفاق پاکستان کی علامت ہے اور چاروں صوبوں میں برابر مقبول ہے۔ چوہدری یاسر بلال نے کہا کہ میں شکر گزار ہوں خواجہ محمود صابری کا برطانیہ سمیت آزاد کشمیر میں بھی پیپلزپارٹی اور سابق وزیرحکومت چوہدری افسر چوہدری کے ساتھ انکی کمٹمنٹ ہے۔ یوتھ کے رہنما خاور ایوب نے کہا کہ یوتھ کا بچہ بچہ پاکستان کے حالیہ الیکشن میں جماعت کی جیت کیلئے کردار ادا کرےگا۔ پاکستان سے آئے ہوئے مہمان ساجد یونس نے کہا کہ آنے والے الیکشن میں پی پی عوام کی حمایت سے بھاری اکثریت حاصل کرکے کامیابی حاصل کریگی۔
تازہ ترین