• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران سے سعدرفیق، شہبازسے منشاسندھو،مریم سے یاسمین راشد اور حمزہ سے نعمان قیصرکا مقابلہ

لاہور(خضر حیات گوندل نسیم قریشی) پنجاب میں آئندہ عام انتخابات میں بعض سیٹوں پر مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے بڑے رہنمائوں میں براہ راست سخت مقابلےہونگے۔عمران خان سے سعد رفیق، شہباز شریف سے منشا سندھو، مریم نواز سے یا سمین راشد، اور حمزہ شہبازسے نعمان قیصرکا مقابلہ ہوگا اس حوالےسے لاہور کے حلقہ این اے131میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کا مقابلہ مسلم لیگ(ن) کے خواجہ سعد رفیق سے ہوگا۔ اس حلقے سے 2013ء کے الیکشن میں خواجہ سعد رفیق نے پی ٹی آئی کے حامد خاں کے مقابلے میں کامیابی حاصل کی تھی۔ مسلم لیگ(ن) کے صدر وسابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا مقابلہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے132 لاہور میں پی ٹی آئی کے چوہدری محمد منشاء سندھو سے ہوگا۔ چوہدری محمد منشاء سندھو کے مقابلے میاں شہباز شریف پہلے بھی اس حلقہ سے کامیاب ہو چکے ہیں۔ لاہور میں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا مقابلہ حلقہ این اے125 میں پی ٹی آئی کی ڈاکٹر یاسمین راشد سے ہوگا۔ اس حلقہ سے 2013ء کے الیکشن میں میاں نواز شریف پی ٹی آئی کی ڈاکٹریاسمین راشد کے مقابلے میں کامیاب ہوئے تھے میاں نواز شریف کی 28جولائی 2017ء کی نااہلی کے بعد ضمنی الیکشن میں اسی حلقہ میں مسلم لیگ (ن)کی بیگم کلثوم نواز نے یاسمین راشد کو ہرایا تھا تاہم ڈاکٹر یاسمین راشد نے ضمنی الیکشن میں پہلے کی نسبت بہتر کارکردگی کا مظاہر ہ کیا تھا۔لاہور کے حلقہ این اے 129سے پی ٹی آئی کے سنٹرل پنجاب کے صدر علیم خان کا مقابلہ قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق سے ہو گا ۔ اس حلقے میں 2013ء کے عام انتخابات میں سردار ایاز صادق کامیاب ہوئے تھے جبکہ بعد میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں سردار ایاز صادق نے پی ٹی آئی کے علیم خان کو چند ہزار ووٹوں سے ہرا کرکامیابی حاصل کی تھی ۔ سابق وفاقی وزیراور مسلم لیگ (ن)لاہور کے صدر ملک پرویز کا مقابلہ پی ٹی آئی کے جمشید اقبال چیمہ سے جوڑ پڑے گا۔مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز کا مقابلہ این اے 124میں پی ٹی آئی اے نعمان قیصر سے ہو گا۔قومی اسمبلی کے حلقہ 130میں پی ٹی آئی مرکزی رہنما شفقت محمود کا مقابلہ سابق میئر لاہور اور مرکزی لیگی رہنما خواجہ احمد حسان میں اچھا مقابلہ ہونے کی امید ہے۔ 2013ء کے الیکشن میں شفقت محمود نے اسی حلقے سے خواجہ احمد حسان کو شکست دی تھی۔ اٹک کے حلقہ این اے 55میں پی ٹی آئی کے میجر (ر) طاہر صادق کا مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے شیخ آفتاب احمد کے درمیان مقابلہ ہو گا۔ راولپنڈی کے حلقہ این اے 57میں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا مقابلہ پی ٹی آئی کے صداقت علی عباسی سے ہو گا۔یہ حلقہ مری اور کوٹلی ستیاں اور اردگرد کے علاقوں پر مشتمل ہے۔ راولپنڈی کے حلقہ این اے 59 اور این اے 63سے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار آزاد حیثیت سے حصہ لے رہے ہیں۔ پی ٹی آئی نے حلقہ این اے 59اور 63سے چوہدری نثار کے مقابلے میں غلام سرور خاں کومیدان میں اتارا ہے۔ پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری کا مقابلہ جہلم کے حلقہ ا ین ا ے 67میں مسلم لیگ (ن) کے راجہ مطلوب مہدی سے ہو گا۔ پی پی کو چھوڑ کر پی ٹی آئی میں جانے والی ڈاکٹر فردوس عاشق کا مقابلہ سیالکوٹ کے حلقہ این اے 72میں چوہدری ارمغان سبحانی سے ہو گا۔ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما عثمان ڈار اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سابق وزیر خارجہ خواجہ ا ٓصف میں سخت مقابلے کی امید کی جا رہی ہے۔ نارووال کے حلقہ این اے77میں ن لیگ کے دانیال عزیز چوہدری اور پی ٹی آئی کے میاں محمد رشید میں مقابلہ ہو گا۔ نارووال کے حلقہ ا ین اے 78میں سابق وزیر داخلہ و لیگی رہنما احسن اقبال کا مقابلہ پی ٹی اے رہنما ابرار الحق سے ہو گا۔ منڈی بہائوالدین کے حلقہ این اے 86میں پی پی سے پی ٹی آئی میں آنے والے سابق وفاقی وزیر نذر محمد گوندل کا مقابلہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے پرنسپل سیکرٹری امداد اللہ بوسال کے بھائی ن لیگی ناصر اقبال بوسال سے ہوگا۔ پی پی سے پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے ندیم افضل چن کا مقابلہ این اے 88 میں ن لیگ کے ڈاکٹر مختار احمد بھرت سے ہوگا۔ میانوالی کے حلقہ این اے 95 میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور ن لیگ کے حاجی عبید اللہ خاں شادی خیل سے مقابلہ ہوگا۔ فیصل آباد میں حلقہ این اے 106 میں ن لیگ کے رانا ثناء اللہ خان اور پی ٹی آئی کے نثار احمد میں پنچہ آزمائی ہو گی۔ ن لیگ کے عابد شیر علی کا فیصل آباد کے حلقہ این اے 108 میں پی ٹی آئی کے فرخ حبیب میں مقابلہ ہوگا۔ پی ٹی آئی میں پی پی سے آنے والے راجہ ریاض احمد کا مقابلہ فیصل آباد کے حلقہ این اے 110 میں سابق وفاقی وزیر رانا محمد افضل خان سے ہوگا۔ جھنگ کے این اے 115 میں ن لیگ کے شیخ وقاص اکرم کا پی ٹی آئی کے محبوب سلطان سے مقابلہ ہوگا۔
تازہ ترین