لندن (ودود مشتاق) کرنل اجمل صابر راجہ نے گزشتہ عام انتخابات میں ستر ہزار ووٹ لے کر ثابت کیا ہے کہ این اے 59 راولپنڈی سے صرف وہ ہی چوہدری نثار علی خان کا مقابلہ کرنے کی طاقت اور اہلیت رکھتے ہیں لہذا تحریک انصاف کے چیئرمین اور مرکزی قیادت ٹکٹوں پو نظرثانی کرتے ہوئے انہیں حلقے سے ٹکٹ دیں۔ ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی لندن کے رہنما امجد صابر ، رضوان اصغر راجہ اور اعظم، راجہ نے لندن میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمراں خان دیرینہ اور قربانیاں دینے والے کارکنان اور رہنماوں کو فراموش نہ کریں بلکہ اپنی ٹیم کو مضبوط بنانے کےلئے میرٹ پر فیصلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ عام انتخابات میں کرنل اجمل صابر نے چوہدری نثار علی خان کے مقابلے میں ستر ہزار ووٹ لئے اور پھر پورے پانچ سال اپنے کارکنوں اور حلقے سے رابطے میں رہے یہی وجہ ہے کہ وہ چوہدری نثار علی خان کو شکشت دے سکتے ہیں اس لئے انہیں موقع دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ غلام سرور خان کو این اے 59اور این اے 63سے ٹکٹ دی گئی ہے ان کو دو حلقوں کے بجائے ایک حلقے سے ٹکٹ دیا جائے اور این اے59سے کرنل اجمل صابر کو موقع دیا جائے۔ انہوں نے مزید کیا کہ علاقے کے تمام سروے بھی ظاہر کرتے ہیں کہ کرنل اجمل صابر وہ ہی واحد آدمی ہیں جو چوہدری نثار علی خان کو ہرانے کی سکت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہ کرنل اجمل صابر نے عمران خان کی کال پر لبیک کہتے ہوئے اور تحریک انصاف کا ہراول دستہ بننے کےلئے برطانیہ کی دہری شہریت بھی ترک کی تاکہ جم کر اپنے ملک کی خدمت کر سکیں۔