لاہور (خصوصی نمائندہ ،وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہبازنے کہاہے کہ گزشتہ 5برسوں میں سامنے آنے والے حقائق کے بعد پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے مابین کوئی موازنہ نہیں ،ریکارڈ ترقی کے مقابلے میں جھوٹے وعدوں اور دھول اڑانے کی کوئی اہمیت نہیں ۔انہو ں نے کہاکہ عوام عمران خان سے سوال کرنے میں حق بجانب ہیں کہ ایک ارب درختوں سے لیکر350چھوٹے ڈیم بنانے کے منصوبے کہاں ہیں اور لاہور کی میٹروبس پر تنقید کرنے اوراسے جنگلہ بس قرار دینے والے نیازی صاحب نے آخر ی برس پشاور شہر کو اسی منصوبے کیلئے کیوں اکھاڑکررکھ دیا ۔مسلم لیگ(ن)کے ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہاکہ تحریک انصاف نے اپنے ہی کارکنوں سے ناانصافی کی اور پی ٹی آئی ورکرزاپنے حق کیلئے بنی گالہ کادروازہ کھٹکھٹارہے ہیں ۔حمزہ شہبا زنے کہاکہ انشاء اللہ 25جولائی کو ہر طرف شیر دھاڑے گااو ر عوام دھڑا دھڑ شیر پر مہر یں لگاکر ثابت کرینگے کہ مستقبل مسلم لیگ(ن) کا ہے ۔ حمزہ شہباز نے کہاکہ زرداری نے بھی جیبیں بھرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا،پیپلزپارٹی کی حالت یہ ہے کہ ان سے آج پارٹی ٹکٹ لینے والا کوئی نہیں ۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) کے کریڈٹ پرلوڈشیڈنگ کے جن کوبوتل میں بند کرنے سے لیکراقتصادی راہداری جیسے و ہ منصوبے ہیں ۔جنہوں نے پاکستان کی حالت تبدیل کردی ہے ۔حمزہ شہبا زنے کہاکہ انشاء اللہ 25جولائی کو ہر طرف شیر دھاڑے گااو ر عوام دھڑا دھڑ شیر پر مہر یں لگاکر ثابت کرینگے کہ مستقبل مسلم لیگ(ن) کا ہے ۔حمزہ شہباز سے ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ میں لاہور سے سابق صوبائی وزیر اور پی پی 147سے مسلم لیگ(ن) کے امیدوارصوبائی اسمبلی میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن سمیت مختلف اضلاع سے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں نے ملاقاتیں کیں اور ان سے پارٹی وسیاسی امور پر تبادلہ کیا ۔