فیصل آباد(شہباز احمد) الیکشن 2018 ء میں حصہ لینے والے قومی اور صوبائی اسمبلی کے 300 سے زائد امیدوار سوئی گیس کے نادہندہ نکلے۔ نادہندہ امیدواروں کے ذمہ مجموعی طور پر 4 ارب 41 کروڑ 19 لاکھ روپے واجب الادا ہیں ۔ سوئی نادرن گیس نے نادہندگان کی فہرست الیکشن کمیشن کو فراہم کردی۔ فہرست کے مطابق الیکشن 2018 ء میں قومی چاروں صوبوں کے صوبائی حلقوں سے مجموعی طور پر 300 سے زائد امیدواروں کے ذمہ گیس بلز کی رقم واجب الادا جس کی مجموعی مالیت 4 ارب 41 کروڑ 19 لاکھ روپے ہے ۔ فہرست میں شامل نادہند ہ امیدواروں میں پی کے 64 نوشہرہ سے امیدوار پرویز خان خٹک کے ذمہ دو سی این جی اسٹیشنز کے بلوں کی مد م یں 18 کروڑ 89 لاکھ 97 ہزار ، این اے 110سے امیدوارسابق وزیر مملکت راناافضل خاں کے ذمہ 2کروڑ 66لاکھ 85ہزار 412روپے، این اے 164 مسلم لیگ ن کی امیدوار تہمینہ دولتانہ کے ذمہ 10 لاکھ 57 ہزار واجب الادا ہیں ، این اے 175 سے امیدوار سید حامد سعید کاظمی کے ذمہ 31 ہزار 500 روپے واجب الادا ہیں۔ حامد سعید کاظمی کو مسجد کے گیس بل کی مد میں نادہندہ ظاہر کیا گیا ہے ۔سابق وزیر مملکت عابد شیرعلی کے بھائی عمران شیر علی کے ذمہ 55لاکھ 79ہزار روپے واجب الادا ہیں۔ عمران شیر علی کے کاغذات نامزدگی نادہندہ ہونے کی بنیاد پر مسترد ہو چکے ہیں۔