سکھر (بیورو رپورٹ) الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات 2018کے لئے جاری کردہ شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی واپس لینے اور پارٹی ٹکٹ جمع کرانے کا مرحلہ اختتام پذیر ہوگیا۔ ضلع سکھر میں قومی اسمبلی کی 2اور صوبائی اسمبلی کی 4نشستوں پر سے کسی بھی سیاسی جماعت اور آزاد امیدوار کی جانب سے کاغذات نامزدگی واپس لئے جانے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔ نشانات کی الاٹمنٹ کے بعد انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی جانب سے انتخابی مہم بھی تیز کردی گئی ہے۔ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار مختلف علاقوں کا دورہ کرکے علاقہ معززین سے ملاقات کے دوران انہیں درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی بھی کرارہے ہیں۔ ضلع سکھر میں قومی اسمبلی کی 2اور صوبائی اسمبلی 4نشستوں پر پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، ایم کیو ایم، متحدہ مجلس عمل، پاک سرزمین پارٹی کے امیدواروں اور آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لینے والے 100سے زائدامیدوار اپنی انتخابی مہم کو بھرپور انداز سے چلارہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے امیدواروں میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 206 پر سید خورشید احمد شاہ، این اے 207پر نعمان اسلام شیخ، صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 22پر جام اکرام اللہ دھاریجو، پی ایس 23پر سید اویس قادر شاہ، پی ایس 24پر سید خورشید شاہ کے فرزند سید فرخ شاہ، پی ایس 25پر سید ناصر حسین شاہ انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ ان کے مد مقابل تحریک انصاف، ایم ایم اے، گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس، متحدہ قومی موومنٹ اور پی ایس پی اور آزاد امیدوار میدان میں موجود ہیں۔