• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف اپنا بیان یا اقبال سراج سے ٹکٹ واپس لیں، شاہ محمود

لاہور(خبر ایجنسی) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمودقریشی کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو ملتان سے غلط فیڈ کیا گیا کہ ان کے ٹکٹ ہولڈر پر ٹکٹ واپس کرنے کا دبا ئوہے، نواز شریف نے تحقیقات کے بغیر اداروں پر الزام تراشی کی، انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا ، اقبال سراج نے خود کہا کہ ایسی بات نہیں محکمہ زراعت کے کچھ لوگ ان کے گودام پر آئے تھے، اب نواز شریف اپنا بیان واپس لیں یا سراج اقبال سے ٹکٹ واپس لیں۔دوسری جانب تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ تین مرتبہ وزیراعظم بننے والے شخص سے ایسی غیر ذمہ دارانہ گفتگو کی توقع نہیں تھی،نواز شریف جب زبان کھولتے ہیں ریاست اور اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق مخدوم راجن بخش گیلانی کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اگر مسلم لیگ (ن) الیکشن کا بائیکاٹ کرتی ہے تو یہ اس کی سب سے بڑی حماقت ہو گی ،ہر وہ ڈیم بننا چاہیے جس میں پوری قوم کا اتفاق رائے ہو، میں پانی کے مسئلے کو بھارتی وزیر اعظم سے بات چیت کر چکا ہوں کہ اگر اسکو حل نہ کیا تو یہ بھی مسئلہ کشمیر بن جائے گا ۔ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف اور چوہدری نثار کے بیانیے میں مطابقت نہیں ، اس وجہ سے ن لیگ میں دراڑ پیدا ہوئی، بہت سے لوگ جنہیں ن لیگ کی ٹکٹ ملی وہ بھی مطمئن نہیں ہیں، شیر کا نشان رحمت کی بجائے زحمت بن گیاہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کا سہرا بھی ن لیگ کو جاتا ہے، میں عمران سے مطالبہ کرتا ہوں اگر کرپشن کا خاتمہ کریں تو آغاز تحریک انصاف سے کریں۔دوسری جانب لندن میں نواز شریف کی میڈیا سے گفتگو پر اپنے رد عمل میں فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف کے جھوٹ کی لنکا خود ان کے گھر کے بھیدی نے ڈھائی ، عوام نے بھی میاں صاحب کو جھٹلادیا ہے اورملکی سیاست میں نواز شریف کیلئے کوئی گنجائش نہیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف تین مرتبہ وزیر اعظم رہ چکے ہیں لیکن وہ جب بھی زبان کھولتے ہیں ریاست اور اداروں کے خلاف ہر زہ سرائی کرتے ہیں ، مسلم لیگ (ن) انتخابی میدان لگنے سے قبل ہی بوکھلاہٹ کا شکار ہے ، عوام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو مسترد کر دیں گے۔

تازہ ترین