پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ٹھٹھہ ،گھارو،سجاول اور قائد آباد میں انتخابی ریلیاں،خصوصی طور پر سجائے گئے 2منزلہ ٹرک کی چھت سے خطاب کرتے رہے ۔
بلاول بھٹو زرداری کا انتخابی کاررواں کراچی سےاندرون سندھ کی طرف رواں دواں ہے ،اس دوران انہوں نے غریبوں کو سستے کھانے کےلیے فوڈ کارڈ شروع کرنے کا اعلان کیا ۔
ان کا کہناتھاکہ ملک کی تقدیر بدلیں گے، اگر عوام ساتھ ہیں تو پارٹی کو کوئی نہیں روک سکتا،سازش کے تحت پتھراؤ کیا گیا ، مخالفین کو لیاری کا پرتپاک استقبال پسند نہیں آیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں پہلی بار ووٹ لینے آیا ہوں امید ہے مایوس نہیں کریں گے ،ہم نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسے انقلابی پروگرام شروع کئے ،اب ہم لوگوں کو فوڈ کارڈ دیں گےجس سے کھانا پینا سستا ملےگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا اور آپ کا نسلوں پرانا رشتہ ہے ،پیپلز پارٹی تشدد کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی،ہم نے اپنا منشور پیش کردیا ہے۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ اب عوام کے مسائل میں خود حل کروںگا،مجھے آپ کا ساتھ چاہیے،عوام میرے بازو بنیں،میں ملک کی تقدیر بدلنا چاہتا ہوں،اگرعوام میرے ساتھ ہیں توہمیں کوئی نہیں روک سکتا۔
ان کا یہ بھی کہناتھاکہ ہمیں مل کربی بی کا وعدہ نبھانا ہے اورپاکستان بچانا ہے۔