• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب کے پر کاٹنا حکمرانوں کے گلے پڑ سکتاہے‘ شیخ رشید

لاہور( این این آئی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نیب کے پر کاٹنے کی کوشش حکمرانوں کے اپنے گلے بھی پڑ سکتی ہے ، اسلام آباد سے منتخب ہونے والامیئر مقامی رہائشی ہی نہیں اسے صرف جاتی امراء اور مری میں حکمرانوں کی رہائشگاہوں کی کنسٹرکش کی ذمہ داری کی وجہ سے نوازا گیا ،پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ اندر سے ملے ہوئے ہیں اور دونوں ایک دوسرے کی زبان بولتے ہیں۔ ایک انٹر ویو میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت اراکین اسمبلی اور وزراء میں سے چند ایک کے سوا باقی لوگوںکو کچھ نہیں سمجھتی ۔ اسی لئے (ن) لیگ کے اپنے لوگ بھی چاہتے ہیں کہ نیب کی کارروائی آگے بڑھے تاکہ قیادت کونظر انداز کئے ہوئے لوگوں کی بھی اہمیت محسوس ہو ۔ انہوں نے کہا کہ کیا لوگ نہیں جانتے جس شخص کو میئر بنایا گیاہے وہ اسلام آباد کا رہائشی ہی نہیں۔ صرف اس کی اہلیت یہ ہے کہ وہ جاتی امراء اور مری میں حکمرانوں کے گھروں کی کنسٹرکشن کے کام کا نگران تھا ۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اکثریت کے بل بوتے پر جو مرضی کرلیں لیکن عوام میں ان کا اصل چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے ۔ یہاںماضی میں اربوں روپے کی کرپشن ہوئی لیکن سالوں گزرنے کے باوجود کسی پر ہاتھ نہیں ڈالا جا سکا۔ اگر موجودہ حکمرانوں کے منصوبوں میں اتنی ہی ’’ شفافیت ‘‘ ہے تو انہیں کس بات کا خوف ہے انہیں تو اپنے دعوئوں کے مطابق خود نیب کو جانچ پڑتا ل کی دعوت دینی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ نیب کے پر کاٹنے کی کوشش حکمرانوں کے اپنے گلے بھی پڑ سکتی ہے۔
تازہ ترین