• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی ، قومی اسمبلی کی 7نشستوں پر 253 امیدوار ایک دوسرے کے مد مقابل

اسلام آباد (اے پی پی) آئندہ عام انتخابات میں ضلع راولپنڈی سے قومی اسمبلی کے7حلقوں میں پاکستان مسلم لیگ (ن)، پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی اوردیگر جماعتوں سمیت مجموعی طور پر 253 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا تاہم اصل میدان مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے امیدواروں کے درمیان سجے گا۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے انتخابی اعداد وشمار کے مطابق ضلع راولپنڈی سے قومی اسمبلی کی 7نشستوں کے لئے مجموعی طور پر 253 امیدوار ایک دوسرے کے مد مقابل ہیں۔ قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 57 کوٹلی ستیاں، مری اور کہوٹہ سمیت دیگر علاقوں پر مشتمل ہے ، اس حلقے سے جہاں دیگر آزاد امیدوار اور پارٹیاں انتخابی عمل میں حصہ لے رہی ہیں وہاں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی مسلم لیگ (ن) کی طرف سے، صداقت عباسی پی ٹی آئی کی جانب سے اور مہرین انور راجہ پیپلز پارٹی کی طرف سے امیدوار ہیں، تین امیدواروں کا تعلق اگرچہ اس علاقے سے ہے تاہم شاہدخاقان عباسی اس حلقے سے 6 مرتبہ کامیابی حاصل کرچکے ہیں۔ قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 58 گوجر خان، چوا خالصہ اور کلر سیداں سمیت بعض دیگر مضافاتی علاقوں اور دیہات پر مشتمل ہے ۔ اس حلقے سے مسلم لیگ (ن) کے راجہ جاوید اخلاص، سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے چوہدری عظیم انتخابی میدان میں ہیں۔ قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 59 چکری، گورکھ پور، کلر سیداں، ادوال بھانڈا، بسالی، سہال، لکھن، کوٹھہ کلاں، دھمیال اور دھاماں سیداں کے علاقے پر مشتل ہے۔ اس حلقے میں سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان آزاد حیثیت میں جبکہ قمر الاسلام پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر ایک دوسرے کے مد مقابل ہیں اور پی ٹی آئی کے غلام سرور خان بھی اسی حلقے سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

تازہ ترین