کراچی( ٹی وی رپورٹ)سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور این اے 129سے ن لیگ کے امیدوارسردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ جو لوگ اپنی جماعت سے وفادار نہیں ہوتے وہ عوام کے اور علاقے کے کیا وفادار ہوں گے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ اس خصوصی پروگرام میں میزبان حامد میر نے لاہور کے مختلف علاقوں جاکر لوگوں سے ان کے مسائل معلوم کیے اور پوچھا کہ وہ کس کو ووٹ دیں گے۔ میزبان لاہور کے کچھ ایسے علاقوں میں بھی گئے جہاں کافی گندگی نظر آئی۔ پروگرام میں این اے 125 سے تحریک انصاف کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد، این اے 130لاہور سے تحریک انصاف کے امیدوار شفقت محمود، این اے 126لاہور سے ن لیگ کے امیدوار مہر اشتیاق احمد، این اے 130لاہور سے ن لیگ کے امیدوار خواجہ حسان، ن لیگ کے صوبائی اسمبلی کے امیدوار خواجہ سلمان رفیق اور پی پی 150 لاہور سے ن لیگ کے امیدوار بلال یاسین بھی شریک تھے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ن لیگ غریبوں کے ووٹ پانچ پانچ ہزار میں خریدتی ہے، شہباز شریف کراچی سے پہلے اپنے بڑے بھائی کے انتخابی حلقہ میں تو پانی دیدیں۔ این اے 126لاہور سے ن لیگ کے امیدوار مہر اشتیاق احمد نے کہا کہ پچیس جولائی کو ن لیگ کی پوزیشن مزید بہتر ہوگی، لوگ نواز شریف سے پیار کرتے ہیں، ہماری انتخابی مہم بہت اچھی چل رہی ہے، 2013ء میں ہم نے جو وعدے کیے تھے آج ان میں سرخرو ہیں۔ این اے 130لاہور سے سابق رکن اسمبلی تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے کہا کہ شہباز شریف تشہیر کرنے کے ماہر ہیں، وہ چھوٹا سا کام کرتے ہیں مگر عوام کے پیسے سے اربوں روپے کے اشتہار دیدیتے ہیں، لاہور کے کم آمدنی والے علاقوں میں عوام کو پینے کیلئے صاف پانی میسر نہیں ہے، اسپتالوں کی حالت یہ ہے کہ ایک بستر پر تین تین مریض پڑے ہوئے ہیں۔ این اے 130لاہور سے ن لیگ کے امیدوار خواجہ حسان نے کہا کہ پچھلی دفعہ انتخابات جیت گئے تھے مگر حکمت عملی میں ہارگئے تھے،2013ء میں اس حلقہ میں دھاندلی کی گئی، عمران خان نے چار حلقے کھولنے کیلئے کہا تو ہم نے یہ حلقہ بھی کھولنے کا مطالبہ کیا تھا، لاہور کے انفرااسٹرکچر اور ترقی میں میرا اہم کردار رہا ہے۔پی پی 150 لاہور سے ن لیگ کے امیدوار بلال یاسین نے کہا کہ پچیس جولائی کو یہاں سے شیر ہی جیتے گا، صبح واک کے بعد علاقے کے لوگوں کے درمیان موجود ہوتا ہوں۔ صوبائی اسمبلی کے امیدوار خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ عوام کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیتے ہیں، ہمارے پاس نواز شریف کے بیانیہ کے ساتھ شہباز شریف کی کارکردگی بھی ہے۔ این اے 129لاہور سے ن لیگ کے امیدوار سردار ایاز صادق نے کہا کہ میرا پرانا حلقہ این اے 122تھا جو نئی حلقہ بندیوں میں پورا ہی تقسیم کردیا گیا، اس حلقہ سے مسلسل کئی انتخابات سے کوئی ہار رہا ہے شاید اسے تقسیم کرنے کی یہی وجہ ہو۔ یوسی 93کے چیئرمین چوہدری خرم سندھو نے کہا کہ عوام علاقے میں گندگی پر بہت پریشان ہیں، اب کوئی بھی یہاں سے شیر کو ووٹ نہیں دے گا، ہم نے ساری زندگی شیر کو سپورٹ کی لیکن انہوں نے ہمیں صرف جھوٹے دلاسے اور تسلیاں دی ہیں، اب ہم نے تہیہ کرلیا ہے کہ اپنے کام خود کریں گے اور تحریک لبیک کا ساتھ دیں گے۔ ن لیگ کے منتخب کونسلر محمد رشید منہاس نے بتایا کہ ہم دو دفعہ ایم این اے کو یہاں لے کر آئے کہ مسجد تک جانے والی گلی پختہ کروائیں لیکن وعدوں کے باوجود کچھ نہیں کیا۔