لاہور (پ ر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مر کزی رہنماء میاں حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ انتخابات کی آمد ہے،کارکنان مورچے سنبھال لیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) عام انتخابات 2018میں بھاری اکثریت سے سر خرو ہو کر حکومت بنائے گی، کنٹینر پر چڑھ کر الزام تراشی اور گالم گلوچ کرنا بہت آسان ہے،اللہ تعالیٰ اسے عزت دیتا ہے جس نے محنت کی ہو اور کارکردگی دکھائی ہو،طعنہ دینے والوں نے خود خیبر پختونخوا میں میٹرو بس تعمیر کروانے کی ناکام کوشش کی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 127کی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ مجھے حلقے کے تمام لوگ جو اس اجلاس میں موجود ہیں ان سے مل کر بے حد خوشی ہوئی اور آپ کے جذبات دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ آپ سب مسلم لیگ (ن)، محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف سے کس قدر محبت کرتے ہیں، میں آپ کے جذبات کی قدر کرتا ہوں۔