سرگودھا(رپورٹ۔ ملک محمد اصغر )ضلع سرگودھا میں غریب عوام کا دْکھ درد لیکر اِنکے مسائل حل کرنے کے دعویدار قومی اور صوبائی اسمبلی کے9 اْمیدوار کروڑ پتی نکلے،کروڑوں روپے کی جائیداد کے علاوہ بینک بیلنس ‘ طلائی زیورات اور دیگر اثاثہ جات بھی موجود ہیں۔اختر کاہلوں60کروڑ ،عامر چیمہ 36،ممتاز اختر 47کروڑ روپے کے مالک ہیں جبکہ ذوالفقار بھٹی 4،محسن رانجھا4، ندیم افضل چن سب سے کم2 کروڑاثاثے رکھتے ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو فراہم کیے گئے اثاثہ جات کے مطابق سرگودھا میں سب سے امیر اْمیدوار ممتاز اختر کاہلوں ہیں، جو 47کروڑ روپے کے اثاثہ جات کے مالک ہیں جبکہ 4کروڑ کی زرعی زمین اور بیرون ملک 9کروڑ روپے کی سرمایہ کاری اِس سے الگ ہے۔ پیپلزپارٹی کے اْمیدوار سابق رکن قومی اسمبلی تسنیم قریشی کروڑوں روپوں کے کمرشل پلازوں کے مالک ہیں جو کہ لاکھوں میں ظاہر کئے گئے ہیں۔ تحریک انصاف کی اْمیدوار ڈاکٹر نادیہ عزیز کروڑوں روپوں کے گھر،55تولے سونا کی مالک ہونے کے ساتھ ساتھ چیکس کے کاروبار سے بھی منسلک ہیں۔ مسلم لیگ(ن) کے اْمیدوار ڈاکٹر لیاقت علی خان ایک اسپتال اور 13کروڑ 50لاکھ کے اثاثوں کے مالک ہونے کے ساتھ ساتھ اپنے بیٹے اور بینکوں کے 8کروڑ روپے کے مقروض بھی ہیں ۔ مسلم لیگ( ن) کے اْمیدوار ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی 2کروڑ 30لاکھ کے اثاثوں کے مالک ہیں جبکہ انکی بیوی کے پاس 1کروڑ 47لاکھ روپے کے پرائز بانڈز بھی ہیں۔