• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک دفعہ ایک بادشاہ اپنے وزیر کے ساتھ جنگل کی سیر کو گیا۔سیرکے دوران اُس نے ایک بوڑھے کو دیکھا جو باغ میں گٹھلیاں بورہا تھا۔ بادشاہ نے وزیر سے کہا کہ اس سے پوچھو کیا بورہا ہے؟ وزیر نے بوڑھے سے پوچھا تو اس نے کہا کہ کھجور کی گٹھلیاں بورہا ہوں۔ بادشاہ نے پوچھا کہ یہ گٹھلیاں کتنے برس میں پھل لے آئیں گی؟ بوڑھے نے کہا کہ بیس پچیس سال بعد۔بادشاہ ہنسا کہ بڑے میاں کے پیر قبر میں لٹک رہے ہیں اور بیس پچیس سال بعد کا سامان کررہے ہیں۔ 

وزیر نے یہ بات بوڑھے سے کہی تو وہ کہنے لگا کہ اگر سب باغ لگانے والے یہی سوچا کرتے جو تم سوچتے ہو تو آج تمہیں ایک کھجور بھی نصیب نہ ہوتی۔ میاں!دنیا کا کام یوں ہی چلتا ہے کہ کوئی لگاتا ہے کوئی کھاتا ہے۔ بادشاہ نے یہ معقول جواب سن کر کہا :’’بے شک صحیح ہے‘‘بادشاہ کا یہ قاعدہ تھا کہ جس شخص کی بات پر’’بے شک صحیح ہے‘‘ کہہ دیتا، اُسے ایک ہزار دیناربطور انعام دیے جاتے تھے،چناںچہ وزیر نے اسی وقت ایک ہزار دینار اُس بوڑھے کے حوالے کیے اورپھر بادشاہ اوروزیرآگے چل پڑے۔ 

تھوڑی دورآگے بڑھے تو بوڑھے نے صدالگائی کہ میری ایک بات سنتے جائو۔وزیر نے کہا ،کہو کیا بات ہے؟بوڑھے نے کہا کہ کسی کا بیج تو بیس پچیس سال میں پھل لاتا ہے، لیکن میرابویا ہوا بیج تو ایک ہی ساعت میں پھل لے آیا۔ بادشاہ نے پھر کہا :’’بے شک صحیح ہے‘‘وزیر نے مزید ایک ہزار دینار اُس کے حوالے کیے۔ پھر آگے چلنے لگے تو بوڑھے نے کہا کہ چلتے چلتے میری ایک اور بات سنیے اور وہ بات یہ ہے کہ کسی کا بیج تو سال میں ایک مرتبہ پھل لاتا ہے اور میرا بیج تو ایک ہی ساعت میں دو مرتبہ پھل لے آیا۔ بادشاہ نے خوش ہوکر پھر کہا:’’بے شک صحیح ہے‘‘وزیر نے مزید ایک ہزار دینار بڑے میاں کے حوالے کیے۔ وزیر نے بادشاہ سے عرض کیا کہ بادشاہ سلامت!ہمیں اب یہاں سے فوراًنکل جانا چاہیے ،کیوںکہ ہم نے اس بوڑھے کو بے وقوف سمجھا تھا، لیکن یہ تو بہت عقل مند نکلا،کچھ دیر اور یہاں رکے تو یہ باتوں باتوں میں ہمیں لوٹ لے گا۔

محترم قارئین!جب سلاطینِ دنیا کی یہ عطا ہے کہ ذرا ذرا سی بات پر خوش ہوکر اتنا دیتے ہیں تو اللہ رب العزت جو بادشاہوں کا بادشاہ ہے، اگر بے شمار عطا فرمائے تو کیا عجب ہے؟ اگر ہم سب یہ عزم کریں کہ ہر وقت اور ہر جگہ اللہ تعالیٰ کی عظمت اور تعریف بیان کریں تو اللہ تعالیٰ ہماری ان باتوں سے خوش ہوکر کتنا بڑا انعام عطا فرمائے گا۔

تازہ ترین
تازہ ترین