گھر ہو یا دکان، آج کے دور میں سیکیورٹی کو اہم مسئلہ سمجھا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عمارتوں کی تعمیر میں سیکیورٹی کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔21ویں صدی کا یہ دور ٹیکنالوجی سے بھرپور ہے، جس طرح باقی شعبوں نے ترقی کی ہے، وہاں گھر کی حفاظت کے لیے بھی بہت سی نئی اشیاء ایجاد ہوگئی ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ بااثر اور کارآمد ٹیکنالوجی ’سی سی ٹی وی‘ کیمروں کی ہے۔
کسی بھی عمارت بالخصوص گھر کی حفاظت میں ان کیمروں کا کردار بہت اہم ہے۔ عام تصور کے برعکس،سی سی ٹی وی کوئی مہنگی ٹیکنالوجی نہیں ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ جیسےجیسے ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھ رہا ہے، دیگر ٹیکنالوجیکل آلات کی طرح سی سی ٹی وی کیمرے بھی اب عام افراد کی پہنچ میں آچکے ہیں۔ محض چند ہزار روپے میں آپ اپنے گھر کو مناسب سی سی ٹی وی کیمرہ ٹیکنالوجی سے لیس کرا سکتے ہیں۔
فوائد
١-چوروں اور ڈاکوؤں کو نفسیاتی طور پر یہ معلوم رہتا ہے کہ اس گھر کے مکین اپنی حفاظت کے لیے سنجیدہ ہیں۔ اگر خدا نخواستہ کسی کے گھر پرچوروں کی نظر ہے، تو وہ اس گھر میں سی سی ٹی وی کیمرے دیکھ کر اس گھرسے دور رہنے میں ہی عافیت جانیں گے۔
٢-کوئی بھی شخص اگر آپ کے گھر کی جاسوسی کرتا ہے، تو وہ اپنی شناخت ہونے کے ڈر سے کبھی بھی گھر کے قریب نہیں آئے گا اور اگروہ گھر کے آس پاس چکر لگاتا ہے تو بھی آپ بآسانی اس کو پہچان کر پولیس کورپورٹ کر سکتے ہیں۔
٣-اکثر لوگ اپنی گاڑی اس لیے گلی میں کھڑی کر دیتے ہیں کہ دوبارہ کام کے لیے نکلنا ہوتا ہے۔ بہت سے مواقع پر گاڑی چور محض چند منٹ میں گاڑی لے اُڑتے ہیں۔ اگر آپ کے گھر کی بیرونی سائیڈ پر کیمرہ نصب ہے تو گاڑی کی حفاظت کا80فیصد انتظام آپ کرچکےہیں۔
٤-اگر آپ گھر سے باہر ہیں اور دیکھنا چاہتے ہیں کہ گھر کے ملازم آپ کی غیر موجودگی میں کیا کرتے ہیں اور کب آتے جاتے ہیں تو سی سی ٹی وی کیمرے آپ کے لیےانتہائی مددگار ثابت ہوں گے۔ آج کل آپ بآسانی موبائل فون پر گھر کے تمام کیمرے براہِ راست دیکھ سکتے ہیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ آپ ان کو مختلف زاویوںسےگھما بھی سکتے ہیں۔
٥-بہت سے کیسز ایسے بھی سامنے آئے ہیں کہ لوگوں کی غیر موجودگی میں گھر کے ملازم اور آیا وغیرہ کا برتاؤ چھوٹے بچوں کے ساتھ مناسب نہیں ہوتا۔ بچوں کے کمرے اور کچن وغیرہ میں اگر کیمرہ لگا ہو تو آپ بآسانی اپنے آفس وغیرہ سے اپنے ملازمین پر نگاہ رکھ سکتے ہیں۔
٦-بچے جب بڑے ہو رہے ہوتے ہیں تو معاشرے کی برائیوں کی وجہ سے غلط عادتوں میں پڑنے کا خطرہ ہوتا ہے۔ بچوں کے کمروں میں اگر کیمرہ لگا ہو اور انھیں پتا ہوکہ والدین انھیں 24گھنٹے دیکھ رہے ہیں تو وہ کبھی غلط حرکت نہیں کریںگے۔
٧-اگر خدا نخواستہ گھر میں کوئی چوری وغیرہ کا واقعہ ہوجاتا ہے تو اس میں ملوث افراد کو کیمروں کی مدد سے بآسانی شناخت کیا جاسکتا ہے۔ پاکستان میں نادرا کے پاس اتنی ٹیکنالوجی موجودہے کہ وہ کسی کے بھی فوٹو کو اپنے سسٹم سے شناخت کرسکے۔
٨-اگر آپ کے گھر کے اندر اور باہر مختلف جگہوں پر سیکیورٹی کیمرے نصب ہیں تو آپ ہمیشہ مطمئن رہیں گے اور رات کو سکون کی نیند سوئیں گے، کیوںکہ آپ کے دماغ میں یہی بات ہوگی کہ آپ کی بھرپور حفاظت ہو رہی ہے۔
٩-رات کے وقت اگر کوئی شخص آپ کے گیٹ پر آتا ہے تو بجائے اس کے کہ بغیر دیکھے گیٹ کھول دیں، آپ پہلے کیمرے میں دیکھ کر تسلی کر سکتے ہیں کہ آنے والاجان پہچان کا آدمی ہے کہ نہیں۔
١٠-اگر آپ کے پڑوس یا گلی میں کوئی چوری وغیرہ کا واقعہ رونماہوجاتا ہے تو اس میں بھی آپ کے گھر پر لگے کیمرے بہت مدد گار ثابت ہو سکتے ہیں، کیوں کہ ممکن ہے کہ مجرم آپ کے گھر کے سامنے سے گزر کر گئے ہوں، اس طرح پولیس کو تفتیش کے دوران کافی اشارے مل جاتے ہیں۔
سی سی ٹی وی سیکیورٹی کیمرے خودکبھی بھی مجرم کو روک نہیں سکتے لیکن مجرم کو ریکارڈ ضرور کر لیتے ہیں اور بعد ازاں شناخت میں مدد گار ثابت ہوتے ہیں۔ اس لیے آج ہی اپنے گھر میں سیکورٹی کیمرے لگوانے پر غورکریں۔
سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب
گھر کی حفاظت کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے گھر کے مرکزی دروازے کے اوپر، بیک سائیڈ گیلری، سائیڈ گیلری اور گھر کے اندر نصب کیے جاسکتے ہیں۔