• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیمز کیلئے فنڈز پر پہرادیا جائے، کسی کو کھانے نہیں دینگے، چیف جسٹس

ڈیمز کیلئے فنڈز پر پہرادیا جائے، کسی کو کھانے نہیں دینگے، چیف جسٹس

راولپنڈی ( مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی )چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہےکہ ڈیمز کیلئے جمع فنڈز کسی کو کھانے نہیں دینگے، ڈیمز کیلئے فنڈز پر پہرا دیا جائے، سپریم کورٹ کی ویب سائٹ ڈیمز سے متعلق ہر گھنٹے بعد اپ ڈیٹ کی جائیگی، اس سے پتا چلتا رہیگا کہ کتنے پیسے جمع ہوئے۔ سپریم کورٹ نے بھاشا اور مہمند ڈیم کی فوری تعمیر کا حکم دیدیا۔ سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان نے ایک کیس کے دوران ڈیمز کی تعمیر کیلئے فنڈز سے متعلق ریمارکس دیئے کہ ہم نے ڈیموں کیلئے فنڈز کی اپیل کر رکھی ہے، ڈیموں کی تعمیر کیلئے قوم کے بچے پیسے جمع کرکے دے رہے ہیں، ہم ڈیمز فنڈز میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں اور سپریم کورٹ کے ججز بھی فنڈز دینے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ ڈیمز کیلئے جمع فنڈز کو کسی کو کھانے نہیں دیں گے، اس پر پہرا دیا جائے، یہ نہیں ہونے دیں گے کہ کمیشن خورلوگ ان فنڈز سے گاڑی گھر خرید لیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ ڈیمز سے متعلق ہر گھنٹے بعد اپ ڈیٹ کی جائیگی، ہر گھنٹے ویب سائٹ اپ ڈیٹ ہونے سے پتا چلتا رہے گا کہ کتنے پیسے جمع ہوئے، اسٹیٹ بینک کو بھی اپنی ویب سائٹ پر یہ معاملہ اٹھانے کا کہا ہے۔ دریں اثنا چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے فیکٹریوں کی آلودگی سے متعلق کیس کی سماعت میں بند فیکٹریاں کھولنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ تھوڑے پیسے لگا کر اس قوم کے بچوں کوبچا لیں۔ فیکٹریوں کی آلودگی سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربرا ہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ایسے فلٹر لگا لیں جو رات کو بھی چلتے رہیں ٗفلٹر رات کو بند کر دئیے جاتے ہیں ۔پچاس پچاس لاکھ کے بانڈز جمع کروا دیں کہ فیکٹریاں آلودگی نہیں پھیلا رہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ صحت کا معاملہ ہے آپ بھی نہیں چاہیں گے، ہم انڈسٹری کو بند نہیں کرنا چاہتے اس طرح ٹیکس نہیں ملے گا، تھوڑے پیسے لگا کر اس قوم کے بچوں کو بچا لیں۔ عدالت نے بند فیکٹریاں کھولنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کو نمٹا دیا۔

تازہ ترین