راولپنڈی(مانیٹرنگ سیل)سابق وفاقی وزیر چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ کمزور آدمی ہوں اور اللہ اور اس کی مخلوق سے توقع ہے، کسی تیس مارخان کو سلام نہیں کرتا۔راولپنڈی کے علاقے چک جلال دین میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ عمران خان نےپوری دنیا کےسامنے اعلان کیا چوہدری نثار آئے جتنے مرضی چاہے ٹکٹ لے لے، چیئرمین پی ٹی آئی کی بار بارپیشکش کے باوجود میں نے فیصلہ کیا تھا کہ کسی سیاسی جماعت کا ٹکٹ نہیں لینا صرف مخلوق خدا کا ٹکٹ لینا ہے، میڈیا کے ذریعے کہتا ہوں کمزور آدمی ہوں، اللہ اور اس کی مخلوق سے توقع ہے اور کسی تیس مار خان کو سلام نہیں کرتا۔ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ میں ہوائی باتیں نہیں کرتا، مجھے کوئی غم نہیں کہ 25 جولائی کو عوام کیا فیصلہ کریں گے، لیکن انتخابات کے روز پتہ چل جائے گا کہ ن لیگ ،پی ٹی آئی، پیپلزپارٹی یا عوام کا ٹکٹ بھاری ہے ، چک جلال دین کےلوگوں کوسلام پیش کرتا ہوں یہاں غریب عوام بستے ہیں میں نے چند مہینوں میں کروڑوں روپے 2 یونین کونسلزکو دیئے لیکن اتنے پیسے دینے کے باوجود بھی متعدد علاقے پانی سے محروم ہیں اس لئے ہمیں بہت سے کام کرنے ہیں اور مل کر علاقے کو ترقی یافتہ بنانا ہے، علاقے کی ترقی چاہتے ہو تو ہاتھ میں ہاتھ ڈال کر مل کر چلو۔