• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز ،مریم،صفدر کے وارنٹ جاری،گرفتار کیلئے نیب کی تیاریاں شروع تینوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے وزارت داخلہ کو خط،صفدر کا نام بلیک لسٹ میں شامل

نواز ،مریم،صفدر کے وارنٹ جاری،گرفتار کیلئے نیب کی تیاریاں شروع تینوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے وزارت داخلہ کو خط،صفدر کا نام بلیک لسٹ میں شامل

اسلام آباد (جنگ نیوز، ایجنسیاں) احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم میاں نوازشریف ، انکی صاحبزادی مریم نواز اور انکے داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے، جسکے بعد نیب نے گرفتاری کیلئے تیاریاں شروع کردی ہیں، نیب نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مجرم قرار دیئے جانے کے بعد شریف خاندان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کیلئے خط لکھا ہے۔ جبکہ کیپٹن (ر) صفدر کا نام بلیک لسٹ میں بھی ڈال دیا گیا ہے۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب کی درخواست پر حکم دیا ہے کہ نوازشریف، مریم نواز اور صفدر جہاں بھی ہوں، وہاں سے گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کئے جائیں۔ نیب ذرائع کے مطابق نیب نے نواز شریف اور مریم نواز کے کسی بھی ایئرپورٹ پر اترنے پر انکی گرفتاری کے حوالے سے تمام تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، انکے اترنے سے پہلے نیب ٹیم اسی ایئرپوٹ پر موجود ہو گی اور دونوں کی گرفتاری میں کوئی سستی برداشت نہیں کی جائیگی۔نیب ترجمان کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلے پر اسکی روح کے مطابق عمل کیا جائیگا، معلوم ذرائع آمدن سے زائد اثاثےکرپشن کے زمرے میں آتے ہیں۔ نیب نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری کیلئے پختونخوا حکومت سےرابطہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان قومی احتساب بیورو (نیب) کا کہنا ہے کہ نیب کو احتساب عدالت سےایون فیلڈ ریفرنس میں وارنٹ گرفتاری مل گئے ہیں جسکے بعد نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن(ر) صفدر کی گرفتاری کی کارروائی شروع کردی ہے۔ ترجمان نیب کا کہنا ہےکہ احتساب عدالت کے فیصلےپر اسکی روح کے مطابق عمل کیا جائیگا۔ احتساب عدالت کے فیصلے کے بعد نیب نے کیپٹن صفدر کے وارنٹ گرفتاری حاصل کرلئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق نیب کی ٹیم نے یہ وارنٹ گرفتاری اسلام آباد کی احتساب عدالت سے حاصل کئے ہیں۔ وارنٹ گرفتاری کیلئے موقف اپنایا گیا کہ تینوں ملزمان سزا یافتہ ہیں تاہم عدالتی فیصلہ سنائے جانے کے وقت وہ عدالت میں موجود نہیں تھے جس پر ان کوگرفتار کرنا ضروری ہے۔ عدالت نے اس درخواست پر نیب کو گرفتاری کی اجازت دیدی اور ہدایت کی کہ نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر جہاں بھی ہوں، وہاں سے گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کئے جائیں۔ وارنٹ گرفتاری کی بنیاد پر نیب خیبر پختونخواکی ٹیم انکی گرفتاری عمل میں لائیگی۔ ترجمان نیب نے وضاحت کی کہ گزشتہ روز عدالت کے فیصلے میں لکھا گیا کہ نواز شریف پرکرپشن کےچارجزنہیں لیکن نیب آرڈیننس کے مطابق جو اثاثے معلوم ذرائع آمدن سے زیادہ ہوتے ہیں وہ کرپشن کے زمرے میں آتے ہیں۔ سابق وزیراعظم نوازشریف کے داماد اور مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کیلئے قومی احتساب بیورو نے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا ہے۔ذرائع کے مطابق احتساب بیورو نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مجرم قرار دیئے جانے کے بعد شریف خاندان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کیلئے خط لکھا ہے۔ ذرائع کے مطابق تحریر کئے گئے خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ مریم نواز،نوازشریف،کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں۔احتساب بیورو کا کہنا ہے کہ کیپٹن(ر)صفدرکسی بھی وقت ملک سے فرار ہوسکتے ہیں، کیپٹن (ر)صفدر کانام جلد ای سی ایل میں ڈالا جائے۔ دوسری طرف احتساب عدالت کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کا نام بلیک لسٹ میں ڈال دیا گیا جسکےبعد وہ کسی بھی ایئرپورٹ، زمینی اور سمندری روٹ سے پاکستان سے باہر نہیں جا سکیں گے جبکہ انکی گرفتاری کے لئے ٹیم خیبرپختونخوا بھی روانہ کردی گئی اور اس ضمن میں خیبرپختونخوا حکومت سے رابطہ کیا گیا ہے۔ نیب نے نوازشریف اور مریم نواز کی وطن واپسی پر انہیں ائیرپورٹ سے ہی گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کیپٹن (ر) محمد صفدر نے احتساب عدالت سے سزا کے باوجود این اے 14مانسہر ہ میں انتخابی مہم جاری رکھی۔اس دوران انھوں نے اپنے بھائی سجاد خان کو اپنا سیاسی جانشین مقرر کرتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ان کی جگہ سجاد خان کو ووٹ دیں۔ انہوں نے کہا کہ میری گرفتاری سے نواز شریف کا مشن ادھورا نہیں رہے گا، ہزارہ سے تعلق رکھنے والے مجھ جیسے ہزاروں بیٹے میاں نواز شریف پر قربان ہیں،اب یہ مشن سجاد خان پورا کریگا۔ اوگی کے علاقے دربند میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ مجھے تناول کی دھرتی پر ہی گرفتار کیا جائے۔

تازہ ترین