صادق آباد(نامہ نگاران‘جنگ نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کےچیئرمین بلاول بھٹوزرداری نےکہاہےکہ اقتدار کی ہوس نہیں‘ بےنظیر بھٹو کے ادھورے کام پورے کرنے نکلا ہوں، اگلی حکومت پیپلزپارٹی ہی بنائےگی‘ذوالفقار علی بھٹو نے آمرضیاءالحق جبکہ شہید محترمہ بینظیربھٹو نےمشرف کی آمریت کا ڈٹ کرمقابلہ کیامگراصولوں پرکبھی سمجھوتہ نہیں کیا‘بھٹو خاندان نےجمہوریت کےمضبوط استحکام کی جدوجہد کرکےتاریخ رقم کی ہے‘ہمیں شوبازی اوریوٹرن نہیں مسائل کاحل چاہئے‘اقتدار کی ہوس نہیں بےنظیر بھٹو کے ادھورے کام پورے کرنے نکلا ہوں۔وہ اوچشریف میں جلسے اوربھونگ شریف میں سرداررئیس وزیراحمدخان ‘رئیس امیرحمزہ خان‘رئیس ابراہیم خلیل‘رئیس نبیل احمدکی طرف سےاپنے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ سےخطاب کررہےتھے۔اس موقع پرسینیٹرمصطفیٰ نوازکھوکھر‘صدرجنوبی پنجاب مخدوم سیداحمدمحمود‘مخدوم سیدمصطفیٰ محمود‘مخدوم سیدمرتضیٰ محمود‘مخدوم سیدعلی محمود‘ حافظ فیض الرحمان‘ رئیس محمد‘عبیراحمدخان‘مجیدبلوچ‘طارق ڈہر‘جام کبیر‘جام مختاراحمد‘حبیب الرحمان گوپانگ‘ رئیس محمداکرم‘وڈیرہ نوراحمد دشتی سمیت دیگرموجودتھے۔بلاول بھٹو نےکہاکہ عوام نےذوالفقار علی بھٹو اوربینظیر بھٹو کےنظریہ کاساتھ دیا‘پاکستان کی تعمیرکیلئے پیپلزپارٹی کامنشور ملکی ترقی وخوشحالی کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ان کاکہناتھاکہ روٹی‘کپڑا‘مکان‘علم وصحت ‘ بھوک سےآزادی‘صحت کی سہولیات میں توسیع‘ماں بچے کی دیکھ بھال‘بینظیر انکم سپوٹ پروگرام میں رقم کااضافہ‘زرعی انقلاب‘آبپاشی بہترین نظام‘آبی ذخائر میں اضافہ کیلئے تعمیرات‘خارجہ پالیسی کی بہتری سمیت جنوبی پنجاب صوبےکا قیام پیپلزپارٹی کاویژن اورمنشورہے۔انہوں نےکہاکہ ملک میں مہنگائی‘بےروزگاری‘کرپشن کوختم کئےبغیرخطہ کی عوام کوترقی وخوشحالی کی جانب رواں دواں نہیں کیاجاسکتا ۔دریں اثنا ء بلاول بھٹو کو رئیس امیرحمزہ خان انڈھرنےغلاف کعبہ کاتحفہ دیا‘بلاول نےعالمی ایوارڈ یافتہ مسجدبھونگ کابھی دورہ کیا۔ اوچشریف میں جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹوزرداری نےکہاکہ فوڈکارڈزدینگے کھانے پینے کی اشیا کم داموں ملیں گی،کھارے پانی کو میٹھاکرنے کیلئے آر او پلانٹس لگائے،ہمیں شوبازی اوریوٹرن نہیں چاہئے بلکہ مسائل کا حل چاہئے،ہمارے منشور میں بھوک مٹائوپروگرام ہے، عوام فیصلہ کریں میٹروچاہئے یاروزگار،میٹروچاہئے یا تعلیم،مجھے اقتدار کا لالچ نہیں ہے،ہم غریب عوام کا خیال رکھتے ہیں،میں مزدوروں کا جائز اجرت دلاناچاہتا ہوں،کسان کارڈزدیئے جائینگے،کھادسستے داموں ملے گی، فصلوں کی انشورنس کرینگے،کسان خوشحال تو ملک خوشحال، اوچشریف والوں نےبلاول کا گرمجوشی سے استقبال کیا‘ بلاول نےکہاکہ مجھ سےپوچھاجاتا ہےکہ آپ سیاست میں کیوں آئے‘ بھٹو خاندان کی پوری سیاست خون سے لکھی گئی ہے‘ ہمارامقابلہ کسی شخصیت یاپارٹی سےنہیں‘ بھوک‘ غربت اورمہنگائی سےہے‘میں ایسامعاشرہ چاہتا ہوں جو استحصال سے پاک ہو‘محترمہ بے نظیر بھٹو نے اسی مشن میں اپنی پوری زندگی گزار دی‘ اس ملک کو جمہوری نظام دینے کیلئے دہشتگردی‘ انتہا پسندی کے خلاف جنگ لڑی‘ ملک کےغریب عوام کیلئےبےنظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا‘سی پیک منصوبہ ہو یا کسانوں کی فلاح و بہبوداورملک کی ترقی اورخوشحالی کے پروگرام شروع کئے‘ کسان کارڈ پروگرام شروع کریں گے‘جس سے یوریا کی بوری 500 روپے اور ڈی اے پی کی بوری 1700 روپے میں ملے گی‘ہریونین کونسل کی سطح پرفوڈ سٹال لگائیں گے جسے خواتین چلائیں گی‘تھرکول پراجیکٹ شروع کیا‘ جس سے پورے پاکستان میں بجلی کی ضرورت پوری ہو جائے گی‘ بھوک مٹاؤ پروگرام کے تحت 8لاکھ گھرانوں کی مدد کی‘آج پاکستان دو راہے پر کھڑا ہے پاکستان پیپلزپارٹی کو اقتدارکی ہوس نہیں‘میں یہ اقتدار‘ بھوک‘ غربت‘ بےروزگاری کیلئے چاہتاہو ں‘دہشت گردی اورانتہا پسندی کےخاتمےکیلئے اقتدارچاہتا ہوں‘ مجھے آپ کاساتھ چاہئے‘ محترمہ بےنظیربھٹوکےادھورےکام پوراکرنےنکلا ہوں۔مخدوم سید احمدمحمود صدرپیپلز پارٹی جنوبی پنجاب نےکہاکہ جلسے تو پہلے بھی بہت دیکھےلیکن ایسامحبت بھراجلسہ مجھے ساری عمر یاد رہےگا‘ بہاولپور صوبہ بحالی کی آواز دی تو مجھے دھمکایا گیا آخر کاردوسال بعداسی اسمبلی نےصوبہ بہاولپورکی بحالی کیلئے متفقہ قرارداد منظور کی۔اس موقع پرمخدوم سیدعلی حسن گیلانی نےخطبہ استقبالیہ میں بلاول بھٹو زرداری کااوچشریف آمد پر خوش آمدید کہا اس موقع پر شاہ رخ ملک‘سیدنسیم عباس بخاری‘ دیوان محمدرضا‘سیدعامرشاہ بھی سٹیج پرموجودتھے۔ادھراوچشریف میں بلاول بھٹوزرداری کےقافلے کوغوث اعظم چوک پر روک دیا گیا‘قافلے کو بلاول بھٹو زرداری کی جلال الدین سرخ پوش بخاریؒ کےدربار پر جانے کی خواہش پر روکا گیا اورڈی پی او نےدربار پرجانےکیلئے معذرت کرلی اورکہاکہ سکیورٹی کلیئرنس نہیں‘آپ دربارپرنہیں جا سکتے۔تاہم بعدازاں بلاول بھٹوزرداری نےدربارحضرت جلال الدین بخاری پر حاضری دی جہاں سجادہ نشین سید زمردحسین بخاری قرآن شریف کے سائےمیں بلاول کودربارکےاندرلےگئے اور انہوں نےپیپلزپارٹی سےالحاق کابھی اعلان کیا‘اس موقع پر میڈیاکودربار کے اندرجانےسےروک دیاگیا۔