کوئٹہ(سٹی ڈیسک)میئر کوئٹہ ڈاکٹر کلیم اللہ خان کاکڑ نے کہا ہے کہ 9 جولائی سے صوبائی دارالحکومت میں صفائی مہم کا آغاز کیا جارہا ہے صفائی کے حوالے سے عوام میں شعور وآگاہی اجاگر کرنے کے لئے منتخب نمائندے و دیگر بھی حصہ لیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ میئر کوئٹہ ڈاکٹر کلیم اللہ کا کہنا تھا کہ 9جولائی سے صوبائی دارالحکومت میں صفائی مہم کا آغاز کیا جارہا ہے مہم کا آغاز کوئٹہ کے باچا خان چوک سے کیا جائے گامہم کے دوران نگران وزیراعلیٰ ،نگران صوبائی وزراء ، منتخب بلدیاتی نمائندے و دیگر بھی عوام میں صفائی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لئے میٹروپولیٹن کارپوریشن کا ساتھ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی نصب ایمان ہے اس لئے 9 جولائی سے شروع ہونے والے ہفتہ صفائی کے دوران عوام اور تاجر میٹروپولیٹن کارپوریشن و دیگر کے عملے کے ساتھ بھر پور تعاون کریں ۔ ہماری عوام اور تاجروں سے اپیل ہے کہ وہ گھروں اور دکانوں کا کچرہ سڑکوں پر یا نالیوں میں پھینکنے سے گریز کریں بلکہ کچرے کو علاقے میں موجود کچرہ دانوں تک پہنچائیں تاکہ کچرے کے باعث گلی کوچوں میں تعفن نہ پھلائیں تا کہ نالیاں بند نہ ہوں ۔ انہوں نے کہاکہ مہم میں طلبا اور صحت کے شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے بھی حصہ لیں گے ۔